کوہاٹ میں محرم الحرام کے دوران بین المذاہب ہم آہنگی بر قرار رکھنے پر اتفاق
کوھاٹ (بیورو رپورٹ) کوہاٹ میں محرم الحرام کے پرامن انعقاد کے سلسلے میں پولیس ،پاک فوج اور علاقہ عمائدین نے مذہبی رواداری اوربین المسالک ہم آہنگی برقرار رکھنے پر اتفاق کرلیا۔اس حوالے سے استرزئی پایاں میں مشترکہ جرگے کا انعقاد کیا گیا جسمیں پاک فوج کے بریگیڈئیر دوست جاوید چانڈیو،قائمقام ڈی پی او کوہاٹ جہانزیب خان،کمانڈر اورکزئی سکاؤٹس کرنل مبشر،کمانڈر ٹل سکاؤٹس لیفٹیننٹ کرنل عزیر،ڈی ایس پی سٹی رضا محمد،ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر صنوبر خان،میجر جبران،مختلف تھانوں کے ایس ایچ اوز اور اہل تشیع کے مقامی عمائدین چیف جسٹس (ر) سید ابن علی،میاں شاہ رضا،سید مہتاب الحسن ،ڈاکٹر ذوالفقارحسین ،سید محرم علی شاہ اور دیگر نے بھر پور شرکت کی۔مشترکہ جرگے میں پولیس وعسکری حکام اور علاقہ عمائدین نے محرم الحرام کے دوران مذہبی رواداری ،بھائی چارے ،امن ومحبت اور بین المسالک ہم آہنگی کو فروغ دینے کیلئے متحد ہوکر اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے کے عزم کا اظہار کیااور موجودہ حالات کے تناظر میں علاقائی دفاع اور استحکام امن یقینی بنانے کے حوالے سے شرپسند عناصر پر کڑی نظر رکھنے اور قانون کی بالا دستی کو مقدم رکھتے ہوئے سابقہ روایات کے مطابق مربوط تعاون جاری رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔جرگے سے خطاب کرتے ہوئے بریگیڈئیردوست جاوید چانڈیو اور قائمقام ڈی پی او کوہاٹ جہانزیب خان نے کہا کہ محرم الحرام کا مہینہ ہمیں امن و محبت،بھائی چارے ،برداشت اور مذہبی رواداری کا درس دیتا ہے لہٰذا ماہ محرم کے تقدس کا خیال رکھتے ہوئے ہمیں اپنی صفوں میں اتحاد واتفاق برقرار رکھنا ہوگاتاکہ شرپسند عناصر کو امن عمل سبوتاژ کرنے کا کوئی موقع ہاتھ نہ آئے۔انہوں نے جرگے کے شرکاء کو یقین دلایا کہ محرم الحرام کے پرامن انعقاد کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں گے اور مجالس و جلوسوں کی سیکیورٹی کیلئے حسب سابق فول پروف حفاظتی انتطامات میں کوئی کسر باقی نہیں چھوڑی جائے گی۔انہوں نے شرکاء سے اپیل کی کہ وہ سیکیورٹی عوامل اور شہریوں کی جان ومال کے تحفظ کے حوالے سے اٹھائے گئے اقدامات کے سلسلے میں سیکیورٹی فورسز کے ہاتھ مضبوط کریں تاکہ شہر میں امن وآشتی کی فضاء پروان چڑھے۔اس موقع پر جرگے کے شرکاء نے پولیس وعسکری حکام کو ہر قسم کے تعاون کا یقین دلایا اور علاقائی امن و دفاع کیلئے ملکر کام کرنے کا اعلان کیا۔