این ٹی ڈی سی کا لاہور میں 11 دفاتر کو ایک چھت تلے منتقل کرنے کا پروگرام

این ٹی ڈی سی کا لاہور میں 11 دفاتر کو ایک چھت تلے منتقل کرنے کا پروگرام

لاہور (پ ر ) نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی لمیٹڈ (این ٹی ڈی سی) نے لاہور میں 11 مختلف جگہوں پر قائم دفاتر کو ایک چھت تلے منتقل کرنے کا پروگرام ترتیب دیا ہے۔ جس سے اخراجات میں کمی، وقت اور وسائل کی بچت ہو گی۔ این ٹی ڈی سی کے ترجمان نے کہا کہ دفاتر کی منتقلی کے حوالے سے بعض اخبارات میں چھپنے والی خبر حقائق کے برعکس اور غلط معلومات پر مبنی ہے۔ترجمان نے کہا کہ بشمول واپڈا ہاؤس این ٹی ڈی سی کے 12 دفاتر لاہور کے مختلف جگہوں پر قائم ہیں، جو 166000 مربع فٹ جگہ پر محیط ہیں۔ یہ جگہ این ٹی ڈی سی کے کام کے حجم اور بڑھوتری کو مدنظر رکھتے ہوئے مکمل طور پر ناکافی ہے۔

این ٹی ڈی سی کے کام اور دفاتر کے پیش نظر 20000 (بیس ہزار) مربع فٹ اضافی جگہ درکار ہے۔

جگہ کی قلت سے این ٹی ڈی سی کا کام بُری طرح متاثر ہو رہا ہے۔

ترجمان نے مزید کہا کہ این ٹی ڈی سی نے اپنے مستقل دفتر کیلئے عمارت تعمیر کرنے کا منصوبہ بنا رکھا ہے تاہم اسے مکمل ہونے میں عرصہ درکار ہے۔ واضح رہے کہ این ٹی ڈی سی نے شدید دفتری مسائل کی وجہ سے 2016ء میں اپنے تمام دفاتر ایک جگہ منتقل کرنے کا منصوبہ بنایا تھا جس کیلئے اخبارات میں اشتہار بھی شائع کیا گیا تاہم کسی ایک مقام پر اتنی بڑی عمارت اور مطلوبہ جگہ کی عدم دستیابی کی وجہ سے یہ منصوبہ مکمل نہ ہو سکا جبکہ این ٹی ڈی سی کے مسائل کم ہونے کے بجائے بڑھ رہے ہیں جس سے کارکردگی بھی متاثر ہو رہی ہے۔ لہٰذا دفاتر کو ایک جگہ منتقل کرنے کیلئے دوبارہ اشتہار دیا گیا۔ یہ تمام عمل ٹینڈرنگ اور پیپرا رولز کے ذریعے شفاف انداز میں مکمل کیاجارہا ہے۔ کچھ عناصر دفتر منتقل کے عمل کے خلاف بے بنیاد اور ذاتی نوعیت کا پراپیگنڈا کر رہے ہیں اور حقائق کو توڑ مروڑ کے پیش کر رہے ہیں تاکہ اس عمل کو سبوتاژ کیا جاسکے۔ حقیقت یہ ہے کہ این ٹی ڈی سی کے واپڈا ہاؤس لاہور میں دفاتر سات مختلف منازل پر 59000 مربع فٹ جگہ پر محیط ہیں جبکہ لاہور میں این ٹی ڈی سی کے دیگر 11 جگہوں پر 100000 (ایک لاکھ) مربع فٹ جگہ پر دفاتر موجود ہیں۔ ٹکڑوں میں بکھرے ہوئے دفاتر این ٹی ڈی سی کو ناقص نگرانی کے ساتھ ساتھ ماہانہ لاکھوں روپے کا بلاواسطہ نقصان پہنچا رہے ہیں۔ پیغام یونین جو اس مسئلے کو ہوا دے رہی ہے ایک غیرمنتخب CBA یونین ہے۔

مزید : میٹروپولیٹن 1