محرم میں11ہزار ریسکیورز فرائض سرانجام دیں گے،ڈاکٹر رضوان

محرم میں11ہزار ریسکیورز فرائض سرانجام دیں گے،ڈاکٹر رضوان

لاہور(کرائم رپورٹر) ڈائریکٹر جنرل پنجاب ایمر جنسی سرو س(ریسکیو1122 )ڈاکٹر رضوان نصیر نے گزشتہ روز تمام اضلاع کی جانب سے محرم الحرام میں ماتمی جلوسوں کو ایمرجنسی کور مہیا کرنے کے حوالے سے کیے گئے انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ویڈیو لنک پر حساس اضلاع کے ضلعی ایمرجنسی افسران سے تفصیلی بات کی ، انتظامات کا جائزہ لیا، کنٹرول رومز کی ورکنگ اور اُن تمام مسائل پر بات کی جو محرم الحرام میں درپیش ہوسکتے ہیں۔ اس حوالے سے پراونشل مانیٹرنگ سیل نے ڈی جی ریسکیو پنجاب کو بتایا کہ حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق تمام ضلعی ایمرجنسی افسران کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ تمام مجالس اورماتمی جلوسوں کو مکمل ایمرجنسی کور کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔ویڈیو لنک کے ذریعے تمام ضلعی ایمرجنسی افسران سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تمام اضلاع کو اپنی تیاری مکمل رکھنی چاہیے تاکہ کسی بھی طرح کی ناگہانی صورتحال سے بروقت نمٹا جاسکے۔ پی ایم سی نے مزید بتایا کہ اس محرم پرگیارہ ہزار سے زائد ریسکیورز اپنے فرائض سرانجام دیں گے جبکہ نویں اور دسویں محرم کو پنجاب ایمرجنسی سروس ہائی الرٹ رہے گی۔ ڈی جی ریسکیو پنجاب نے اس موقع پر کہا کہ 9اور10محرم الحرام کو ریڈکوڈ نافذ کردیاجائے گااور ایمرجنسی سروسز ہیڈکوارٹرز میں ڈزاسٹر ریسپانس فورس لاجسٹک سپورٹ، ایمرجنسی آلات اور دیگر سازو سامان کے ساتھ ہمہ وقت تیار رہے گی تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کی صورت میں متعلقہ ضلع کو بیک اپ سپورٹ فراہم کی جاسکے۔ انہوں نے ضلعی ایمرجنسی افسران کو ہدایت کی کہ وہ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی بورڈز میٹنگ کا انعقاد کریں، شیعہ مجالس کے نمائندگان سے میٹنگ کریں۔

، امامیہ اسکاؤٹس اور رضا کاروں کی تربیت کا اہتمام کریں اور تمام لائسنس یافتہ اور روایتی مجالس اور جلوسوں کی جگہ پر ریسکیورز کی ڈیوٹی یقینی بنائیں ۔انہوں نے کہا کہ نویں اور دسویں محرم الحرام کو ایمرجنسی آفیسرز، ریسکیو اینڈ سیفٹی آفیسرز، ایمرجنسی میڈیکل ٹیکنیشنز، فائر ریسکیورز اور دیگر ایمرجنسی سٹاف کی چھٹیاں محدودکر دی جائیں گی۔

مزید : علاقائی