میاں میر قبرستان کی تمام تجاوزات مسمار کرنے کا حکم
لاہور(نامہ نگارخصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے میاں میر قبرستان میں تجاوزات کے زمرہ میں آنے والے تمام احاطے مسمار کرنے کا حکم دے دیا ہے ۔عدالت نے قرار دیا کہ قبرستان کی اراضی پر کسی کو قبضہ نہیں کرنے دیں گے ،جسٹس علی اکبرقریشی نے عبداللہ ملک ایڈووکیٹ کی درخواست پر سماعت شروع کی تومحکمہ اوقاف کی طر ف سے رپورٹ پیش کی گئی جس میں کہاگیا ہے کہ میاں میر قبرستان میں مجموعی طور پر 120سے زائد احاطے بنائے گئے ہیں جبکہ بااثر افراد نے قبرستان کی اراضی پر قبضہ کرکے گھر بھی بنارکھے ہیں۔عدالت نے حکم دیا ہے کہ احاطوں کی مسماری کا کام 14ستمبرصبح9بجے سے شروع کیاجائے،تمام احاطے مسمار ہونے چاہئیں ،چاہے کوئی کتنا بھی بااثر کیوں نہ ہو،عدالت نے قبرستان کی صفائی کی صورتحال سے متعلق بھی رپورٹ طلب کرلی ہے ۔