این اے 89ری ، کاؤنٹنگ کیلئے محسن رانجھا کو نوٹس

این اے 89ری ، کاؤنٹنگ کیلئے محسن رانجھا کو نوٹس

 اسلام آباد(آئی این پی)الیکشن کمیشن نے این اے 89سرگودھا میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کرانے سے متعلق درخواست پر کامیاب امیدوار محسن شاہ نواز رانجھا کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کیس کی سماعت 27ستمبر تک ملتوی کر دی۔بدھ کو الیکشن کمیشن میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 89 سرگودھا میں دوبارہ ووٹوں کی گنتی سے متعلق درخواست، پرچیف الیکشن کمشنر سردار محمد رضا کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے سماعت کی،درخواست گزار اسامہ احمد میلہ کے وکیل الیکشن کمیشن کے سامنے پیش ہوئے،وکیل نے کہا کہ حلقے میں 2 لاکھ 61 ہزار 441 ووٹ پول ہوئے،اسامہ احمد میلہ نے 1 لاکھ 13 ہزار 422 ووٹ حاصل کیے، دونوں امیدواروں کے درمیان 823 ووٹوں کا فرق ہے،حلقے میں 6 ہزار 800 ووٹ مسترد ہوئے، چیف الیکشن کمشنر نے استفسار کیا کہ کیا تمام مسترد ووٹ آپ کے ہیں،آپ کو معلوم ہے کہ آپ کے کتنے ووٹ مسترد ہوئے، الیکشن کمیشن نے کامیاب امیدوار محسن شاہ نواز رانجھا کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کیس کی سماعت 27 ستمبر تک ملتوی کر دی۔دوسری طرف لیکشن کمیشن نے بے لگام انتخابی اخراجات کی تحقیقات سے متعلق درخواست پر اعتراض لگاتے ہوئے فاروق ستار کو نئی درخواست دائر کرنے کی ہدایت کر دی۔بدھ کو الیکشن کمیشن میں انتخابات میں یکساں مواقع فراہم کرنے اور بے لگام انتخابی اخراجات کی تحقیقات سے متعلق کیس کی سماعت ممبر سندھ عبدالغفار سومرو اور الطاف ابراہیم قریشی پر مشتمل دو رکنی کمیشن نے کی،ممبر پنجاب نے کہا کہ فاروق ستار کی درخواست درست طریقے سے ڈرافٹ نہیں کی گئی، فاروق ستار نے کہا کہ اس درخواست کی بڑی اہمیت ہے،آئین کا آرٹیکل 218 الیکشن کمیشن کو شفاف الیکشن کرانے کا اختیار دیتا ہے، امیدواران کی پشت پر بڑی سیاسی جماعتیں اربوں روپے خرچ کرتی ہیں، پیسے کی طاقت سے ووٹ خریدے جاتے ہیں،2018ء کے انتخابات میں پیسے سے ووٹ خریدے گئے،ایسے انتخابات سے کیسی جمہوریت قائم ہو گی،ممبر پنجاب نے کہا کہ ثابت کیسے کریں گے کہ امیدوار نے پیسے کا استعمال کیا،اب آپ کی جماعت حکومت میں ہے، قانون سازی کریں، آپ اپنی درخواست میں مخصوص حلقوں کی نشان دہی کریں، جنرل بات نہ کریں،فاروق ستار نے کہا کہ پیمرا اور پی بی اے سے سیاسی جماعتوں کے اشتہارات کی تفصیل منگوائی جائے،ممبر پنجاب نے کہا کہ امیدوار کہتے ہیں کہ اشتہارات کا خرچہ ہمارے چاہنے والے کرتے ہیں، الیکشن کمیشن نے فاروق ستار کی درخواست پر اعتراض لگا دیا، الیکشن کمیشن نے فاروق ستار کو نئی درخواست دائر کرنے کی ہدایت کر دی۔الیکشن کمیشن نے مبینہ طور پر دوشناختی کارڈ استعمال کرنے کے معاملے پر تحریک انصاف کے رکن پنجاب اسمبلی محمد سلمان سے 26ستمبر تک جواب طلب کر لیا۔

الیکشن کمیشن

مزید : صفحہ آخر