بیگم کلثوم ایک سال تک بیماری سے لڑتی اور لوگ پراپیگنڈا کرتے رہے ، مسلم لیگ (ن)
لاہور (جنرل رپورٹر) مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ افسوس کی بات ہے کہ بیگم کلثوم نواز ایک سال تک اپنی بیماری سے لڑتی رہیں اور تمام لوگ پراپیگنڈا کرتے رہے کہ انہیں کچھ نہیں ہے ، آج وہ حقیقت سامنے آئی ہے کہ اب وہ اس جہاں میں نہیں ہیں۔جاتی امراء آمد پر میڈیا سے مختصر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بیگم کلثوم نواز سیاسی جہدوجہد میں ہماری ساتھی تھیں جنہوں نے جمہوریت کی جنگ لڑی ،پرویز مشرف کے دور میں ان کو للکارا گیاانکی موت ایک سانحہ ہے ۔ مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما خرم دستگیر نے کہا ہے کہ بیگم کلثوم نواز جمہوریت کیلئے لڑنے والی بہادر اور شائستہ خاتون تھیں اور وہ پاکستانی خواتین کے لئے مشعل راہ تھیں۔ انہوں نے کہا کہ بیگم کلثوم نواز نے مشرقی روایات کو برقرار رکھتے ہوئے جابر حکمران کے سامنے کلمہ حق بھی کہا،خاتون اول ہوتے ہوئے مطانت اور وقار کیساتھ فرائض سرانجام دیئے ۔ مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر ڈاکٹر غوث محمد نیازی نے کہا ہے کہ بیگم کلثوم نواز کا انتقال (ن) لیگ اور جمہوریت کیلئے بہت بڑا نقصان ہے ۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بیگم کلثوم نواز کی موت ایک بڑا سانحہ ہے۔شریف خاندان کے ساتھ جو رویہ روا رکھا گیا وہ بڑا تکلیف دہ ہے، بیگم کلثوم نواز کو آخری وقت میں اپنے خاندان کی بہت ضرورت تھی مگر نوازشریف اور مریم نواز کو ان کے پاس نہیں رہنے دیا گیا،اگر اس وقت بیگم کلثوم نواز کا خاندان ان کے پاد ہوتا تو انہیں تھوڑا سکون مل جاتا۔ انہوں نے کہا کہ بیگم کلثوم نواز کے لئے دعاگو ہے کہ اللہ انہیں جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا فرمائیں۔