مطالبات تسلیم،سول ایوی ایشن یونین نے احتجاج کی کال واپس لے لی
لاہور(سپیشل رپورٹر) لاہور ایئر پورٹ سول ایوی ایشن میں من پسند افراد کی اعلی عہدوں پر تقرریوں کے معاملے پر حالیہ تبادلوں کے بعد یونین ملازمین نے آج ہونیوالے احتجاج کی کال واپس لے لی۔محکمہ سول ایوی ایشن کے سینئر ایڈیشنل ڈائریکٹر لیگل زبیر پراچہ کو سیکرٹری سول ایوی ایشن بورڈ لاہور ،اعزاز احمد ڈپٹی پراجیکٹ کنٹرول آفیسر برائے لاہور ،مرزا اختر بیگ چیف آپریشنز لاہور اور سعید احمد کو چیف آپریشنز آفیسر ملتان ایئرپورٹ تعینات کر دیا گیا، ایڈیشنل ڈائریکٹر ذوالفقار میرانی کو ایڈیشنل ڈائریکٹر برائے ٹیکنیکل سٹینڈرز،ایڈیشنل ڈائریکٹر جمال عبدالناصر کو ایڈیشنل ڈائریکٹر اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ ،ایڈیشنل ڈائریکٹر مظفر علی کو ایڈیشنل ڈائریکٹر ای ای ڈی کراچی ہیڈ آفس ،ایڈیشنل ڈائریکٹر عبید الرحمان عباسی کو پشاور کے باچا خان انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا منیجر تعینات کر دیا گیا،ایوی ایشن سکول حیدرآباد کے چیف عبدالباسط کو پشاور ایئرپورٹ کا ڈپٹی منیجرتعینات کیا گیا۔اس حوالے سے محکمہ سول ایوی ایشن میں چیئر مین یونین انصاف فرنٹ چوہدری ثنا اللہ ضیا ء نے کہا ہے کہ پانچ سال سے جاری ملازمین کے استحصال کیخلاف سول ایوی ایشن کی تمام یونینز نے متفقہ طور پر 13ستمبر کو ملک گیر احتجاج کی کال دی تھی لیکن نئے حکم نامہ کے نتیجے میں افسران کے تبادلے کے احکامات جاری ہونے کے بعد ملازمین نے ہڑتال کی کال واپس لے لی ۔چوہدری ثنا اللہ ضیا ء نے مزید کہا کہ نئے تعینات ہونے والے تمام سینئر افسران ایمانداری سے کام کریں گے اور اگر کسی نے بھی غلط کام کیا تو ایک مرتبہ پھر سے احتجاجی تحریک کا سلسلہ شروع کریں گے۔