دعوؤں اور نعروں کا وقت گزر گیا ، اب حکومت کارکردگی دکھائے ، سراج الحق

دعوؤں اور نعروں کا وقت گزر گیا ، اب حکومت کارکردگی دکھائے ، سراج الحق

 لاہور (این این آئی) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے معروف سکالر ، ماہر تعلیم ، آئی ایل ایم ٹرسٹ کے بانی اور یو ایم ٹی کے چیئرمین ڈاکٹر حسن صہیب مراد کی نماز جنازہ کے موقع پر مرحوم کے اہل خانہ اور کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ملک میں تعلیم کو عام کرنے کے لیے مرحوم کی گرانقدر خدمات کو سراہا اور کہاکہ ڈاکٹر حسن صہیب مراد نے تعلیمی میدان میں جو خدمات سر انجام دی ہیں ، انہیں مدتوں یاد رکھا جائے گا ۔حکومت کی یہ ذمہ داری ہے کہ سرکاری تعلیمی اداروں کی حالت زار کو بدلے اور تعلیمی معیار کو بہتر بنائے۔ اب عوام حکومت کی طرف دیکھ رہے ہیں ۔ دعوؤں اور نعروں کا وقت گزر چکاہے اب حکومت کو اپنی کارکردگی سے ثابت کرنا ہوگا کہ انہوں نے الیکشن سے پہلے اور الیکشن کے دوران عوام سے جو وعدے کیے تھے ، ان کو پورا کرنے کی اہلیت رکھتی ہے ۔ملک سے جہالت کے اندھیروں کو ختم کرنے اور ایک حقیقی فلاحی معاشرے کے قیام کے لیے تعلیم کے فروغ کی طرف خصوصی توجہ دینا اور سکولوں سے باہر اڑھائی کروڑ بچوں کو تعلیمی اداروں میں لانا ہوگا ۔ انہوں نے کہاکہ کوئی قوم تعلیم کے بغیر ترقی نہیں کر سکتی ۔ ڈاکٹر حسن صہیب مراد نے اس حقیقت کو پلے باندھ لیاتھا ۔ انہوں نے زندگی کے ابتدائی ایام سے ہی تحریک اسلامی کو اپنا آئیڈیل بنایا اور اصلاح معاشرہ کے لیے تعلیم و تعلم کے میدان کا انتخاب کیا ۔ نماز جنازہ معروف عالم دین مولانا طارق جمیل نے پڑھائی ، نماز جنازہ میں ہزاروں لوگوں نے شرکت کی جن میں بڑی تعداد ان کے شاگرد وں کی تھی ۔ بعد ازاں ڈاکٹر حسن صہیب مرا د مرحوم کو یونیورسٹی کے باغیچہ میں سپرد خاک کردیا گیا۔ سراج الحق نے کہاکہ عام آدمی کو تعلیم اور علاج کی بہتر سہولتیں فراہم کرنے ،غربت ، مہنگائی ، بے روزگاری کے خاتمہ ، پینے کے صاف پانی کی فراہمی جیسے بنیادی مسائل کے حل کی طرف حکومت کو فوری توجہ دینی چاہیے ۔

مزید : صفحہ آخر