سینئر الیاس بلور کا ضمنی انتخابات میں سول آرمڈ فورسز کی تعیناتی کا مطالبہ

سینئر الیاس بلور کا ضمنی انتخابات میں سول آرمڈ فورسز کی تعیناتی کا مطالبہ

پشاور(سٹی رپورٹر)عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما اور ملک کے ممتازپارلیمنٹرین سینیٹر الیاس احمد بلور نے چیف الیکشن کمیشن آف پاکستان سے آئندہ ہونیوالے ضمنی انتخابات میں پولنگ سٹیشنز پر فوج کی بجائے سول آرمڈ فورسز کی تعیناتی کا مطالبہ کیا ہے اور اس حوالے سے چیف الیکشن کمیشن آف پاکستان کو ایک خط کے ذریعے متنبہ کیا ہے کہ حالیہ عام انتخابات میں فوج کی پولنگ سٹیشنز پر تعیناتی پر سیاسی جماعتوں کی جانب سے دھاندلی کے حوالے سے جن خدشات کا اظہار کیاگیا انہیں دہرانے سے گریز کیا جائے ۔ ضمنی انتخابات کے حوالے سے عوامی نیشنل پارٹی کے سینئر رہنما سینیٹر الیاس احمد بلور نے چیف الیکشن کمیشن آف پاکستان کو لکھے گئے خط میں مزید کہا کہ عام انتخابات میں مسلح افواج کی بھاری تعداد میں تعیناتی اورانہیں مجسٹریسی اختیارات دینے کے باوجود تمام سیاسی جماعتوں اور ان کے امیدوار و ں نے صاف اور شفاف انتخابات کے انعقاد کے لئے الیکشن کمیشن کی جانب سے انتظامات پر نہ صرف عدم اطمینان کا اظہار کیا بلکہ انہیں غیر تسلی بخش بھی قرار دیا۔ سینیٹر الیاس احمد بلور نے خط میں مزید کہا کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے کئے گئے انتظامات نہ صرف غیر آئینی تھے بلکہ ان پر بہت سے سوالات بھی اٹھائے گئے لیکن الیکشن کمیشن کو موصول شدہ اعتراضات اور شکایات پرالیکشن کمیشن کی جانب سے کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔انہوں نے کہا الیکشن کمیشن کے ساتھ ساتھ اعلیٰ عدلیہ نے بھی اس حوالے سے کسی کو ذمہ دار نہیں ٹھہرایا ۔ انہوں نے خط میں درخواست کی کہ آئندہ ہونیوالے ضمنی انتخابات میں ملک ‘ قوم اور فوج کے وسیع تر مفاد میں پاک فوج کی پولنگ سٹیشنز پر تعیناتی سے اجتناب کیا جائے اور سویلین فورسز پر اعتماد کرتے ہوئے انہیں ضمنی انتخابات میں تعینات کیا جائے تاکہ انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں کی جانب سے الیکشن کمیشن پر عدم اعتماد اور دوبارہ شکایت کا موقع نہ ملے اور اس اقدام سے پاک فوج مزید متنازعہ بننے سے محفوظ رہے گی۔

مزید : کراچی صفحہ اول