خیبر پختونخوا میں محرم الحرام کے پرامن انعقاد کیلئے سیکورٹی کے فول پروف انتظامات

خیبر پختونخوا میں محرم الحرام کے پرامن انعقاد کیلئے سیکورٹی کے فول پروف ...

پشاور(سٹی رپورٹر) خیبر پختون خوا میں عاشورہ محرم کو پرْ امن انداز میں منانے کے لئے انتظامی سطح پر سخت حفاظتی اقدامات کیے گئے ہیں اور عاشورہ محرم کے حوالے سے صوبے میں سیکیورٹی پلان کو حتمی شکل دیدی گئی ہے‘ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق محرم کے حوالے سے صوبے میں پانچ اضلاع یعنی کوہاٹ ہنگو، ڈیرہ اسماعیل خان، ٹانک اور پشاور حساس ترین جبکہ چار اضلاع مردان، ایبٹ آباد، ہری پور اور مانسہرہ کو حساس قرار دیا گیا ہے۔صوبے میں کل 266 امام بارگا ہیں ہیں۔ جن سے مجموعی طور پر 460 چھوٹے بڑے جلوس نکالے جائیں گے۔ اور مجموعی طور پر 2683 مجالس منعقد ہونگی۔سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پشاور میں 71 امام بارگاہوں میں 314 مجالس منعقد ہونگے اور 118 چھوٹے بڑے جلوس نکالے جائیں گے۔ اسی طرح ہنگو میں 28 امام بارگاہوں میں 504 مجالس منعقد ہونگے اور 28 جلوس نکالے جائیں گے‘ ڈیرہ اسماعیل خان میں 69امام بارگاہوں میں 642مجالس منعقد ہونگی اور 194 جلوس نکالے جائیں گے۔ کوہاٹ میں 51امام بارگاہوں میں 510 مجالس منعقدہ ہونگی اور12 جلوس نکالے جائیں گے۔ ٹانک میں 9 امام بارگاہوں میں 90 مجالس ہونگی اور 37 جلوس نکالے جائیں گے۔ ہری پور میں 19 امام بارگاہوں میں 190 مجالس منعقد ہونگی اور 37 جلوس نکالے جائینگے‘ایبٹ آباد میں 5 امام بارگاہوں میں 144 مجالس ہونگی اور 10 جلوس نکالے جائینگے، مانسہرہ میں 8 امام بارگاہوں میں205 مجالس اور 12 جلوس ہونگی ‘ نوشہرہ میں 3 امام بارگاہوں میں57 مجالس اور 11جلوس ہونگے‘ مردان میں ایک امام بارگاہ میں 10 مجالس اور 2 جلوس ہونگے، بنوں میں ایک امام بارگاہ میں10 مجالس اور 2 جلوس ہونگے اور لکی مروت میں ایک امام بارگاہ میں 7 مجالس منعقد ہونگی اور 3 جلوس نکالے جائیں گے۔ صوبے میں کشیدہ حالات کے حامل مجموعی طور پر 140 مقامات کی نشاندہی کی گئی ہے۔ پشاور میں ضلعی پولیس ، فرنیٹئر ریزرو پولیس، ایلیٹ فورس، فرنٹیئر کانسٹیبلری، سپیشل پولیس فورس اور ایکس سروس مین کے کل 32782 جوان محرم الحرام کے دوران فرائض سرانجام دینگے۔ہنگو میں 3118، ڈیرہ اسماعیل خان میں6566 ، کوہاٹ میں2660، ٹانک میں 1624، ہری پوری میں 855، ایبٹ آباد میں 700، مانسہرہ میں 899، مردان میں 942 ،نوشہرہ میں 956، بنوں میں1030 اور لکی مروت میں 601 جوان محرم کی ڈیوٹی سرانجام دیں گے۔ پچھلے سال کی طرح امسال بھی 9 ویں اور دسویں محرم کو پشاور ، کوہاٹ، ہنگو اور ڈیرہ اسماعیل خان میں جلوسوں کی فضائی نگرانی بھی کی جائے گی۔

مزید : کراچی صفحہ اول