اسد عمرکا بھائی محمد زبیر کو پنشن دینے کی سمری منظور کرنے سے انکار

اسد عمرکا بھائی محمد زبیر کو پنشن دینے کی سمری منظور کرنے سے انکار

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر نے مفادات میں ٹکراؤ سے بچنے کیلئے سابق گورنر سندھ اور اپنے بھائی زبیر عمر کو پنشن دینے کیلئے قوانین میں نرمی سے انکار کر دیا ۔وزارت خزانہ کے ذرائع کے مطابق یہ سمری نگران حکومت کے دور میں کیبنٹ ڈویژن کی جانب سے دی گئی تھی۔ سابق گورنرز کو ان کی تنخواہ کی 80 فیصد رقم ماہانہ پنشن کے طور پر دی جاتی ہے تا ہم پنشن کے حصول کیلئے کم از کم دو سال سے گورنر کے عہدے پر رہنا ضروری ہوتا ہے۔مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے محمد زبیر کو فروری 2017ء میں گورنر مقرر کیا تھا تاہم 25 جولائی کو عام انتخابات میں پی ٹی آئی کو برتری ملنے پر انہوں نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دیدیا۔ اس طرح محمد زبیر ڈیڑھ سال کیلئے گورنر سندھ رہے اور پنشن کے حصول کیلئے مقرر کم از کم 2 سال کی مدت پوری نہ کر سکے۔ماضی کی مثالوں کو مدنظر رکھتے ہوئے کیبنٹ ڈویژن نے مدت کے حوالے سے نرمی برتنے کیلئے وزار ت داخلہ کو سمری بھیجی تاہم وزیر خزانہ اسد عمر نے مفادات کے ٹکراؤ کا جواز پیش کرتے ہوئے اسے مسترد کر دیااورخبر رساں ادا ر ے ایکسپریس ٹریبیون سے گفتگومیں سمری مسترد کرنے کی تصدیق بھی کردی ۔

مزید : صفحہ اول