انٹر کے تفصیلی نتائج کا اعلان ، کامیابی کا مجموعی تناسب 63.15فیصد رہا

انٹر کے تفصیلی نتائج کا اعلان ، کامیابی کا مجموعی تناسب 63.15فیصد رہا

لاہور(ایجوکیشن رپورٹر)اعلیٰ و ثانوی تعلیمی بورڈلاہور نے انٹر میڈ یٹ امتحان(پارٹ II)سالانہ 2018کے تفصیلی نتائج کا اعلان کر دیا ہے ۔ اس امتحان میں167674طالب علموں نے حصہ لیا جبکہ105891طالب علموں نے امتحان میں کامیابی حاصل کی ۔ اس طرح کامیابی کا مجموعی تناسب 63.15فیصد رہا ، پہلی،دوسری اور تیسری پوزیشن پنجاب گروپ آف کالجز کے نام رہیں،کشف ثنا ء اللہ نے پہلی،سجل طارق نے دوسری اور کشف علی نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ لاہور بورڈ کی جانب سے انٹر میڈ یٹ امتحان(پارٹ II)سالانہ 2018کے امتحان میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طالب علموں کے اعزاز میں خصوصی تقریب گزشتہ روز مقامی ہوٹل میں منعقد ہوئی ۔ وزیر برائے اعلی تعلیم راجا یاسر ہمایوں سرفراز کی زیر صدارت منعقد ہونے والی تقریب میں چیئر مین لاہور بورڈ پروفیسر چودھری محمد اسماعیل، سیکرٹری ڈاکٹرریحانہ الیاس ، کنٹرولر (امتحانات)پروفیسر ناصر جمیل ، پوزیشن ہولڈر طلباء و طالبات ، ان کے والدین ، اساتذہ اور شعبہ تعلیم سے وابستہ نمایاں شخصیات نے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔ وزیر برائے اعلیٰ تعلیم راجا یاسر ہمایوں سرفراز نے پوزیشن ہولڈر طالب علموں میں میڈلزاور اسناد تقسیم کیں۔ امیدواران کو پہلی، دوسری، تیسری پوزیشن کے لیئے تعریفی اسناد کے ساتھ ساتھ بالترتیب 20ہزار، 15ہزاراور 10ہزار روپے کے نقد انعامات اور سونے ،چاندی اورکانسی کے میڈلز دیے گئے ۔ لاہور بورڈ کی جانب سے ان طالب علموں کے اساتذہ کو بھی میڈلز سے نوازا گیا جبکہ مہمان خصوصی نے اول پوزیشن حاصل کرنے والی طالبہ کشف ثناء اللہ کو لیپ ٹاپ بھی دیا چیئر مین لاہور بورڈ چودھری محمد اسماعیل اورکنٹرولر پروفیسر ناصر جمیل نے امتحانی نتائج کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی اور بتایا کہ لاہور بورڈ نے اپنی روایات کو برقرار رکھتے ہوئے رزلٹ لیٹ فری نتائج کا اعلان وقت مقرر پر کیا ہے ۔پروفیسر چودھری محمد اسماعیل نے بتایا کہ تفصیلی نتائج لاہور بورڈ کی ویب سائٹ ww.biselahore.comپر اَپ لوڈ کر دئیے گئے ہیں اور اس کے ساتھ ساتھ موبائل ایس ایم ایس کے ذریعے نتائج معلوم کرنے کی سہولت بھی مہیا کی گئی ہے ۔ وزیر تعلیم راجا یاسر ہمایوں سرفراز نے اپنے صدارتی خطاب میں پوزیشن حاصل کرنے والے طالب علموں کو مبارک باد دی اور اس توقع کا اظہار کیا کہ وہ آئندہ زندگی میں تعلیمی کامیابیوں کی روایات برقرار رکھیں گئے۔ اس موقع پر پوزیشن حاصل کرنے والے طالب علموں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ محنت ، لگن اور دیانت کو شعاربنا کر زندگی میں مزید کامیابیاں حاصل کریں گے ۔ سیکرٹری لاہور بورڈ ڈاکٹر ریحانہ الیاس نے اسٹیج سیکرٹری کے فرائض سرانجام دیے ۔تفصیلی نتائج

مزید : صفحہ اول