سندھ حکومت نے ترقیاتی کاموں کا آغاز کردیا ہے،سعید غنی

سندھ حکومت نے ترقیاتی کاموں کا آغاز کردیا ہے،سعید غنی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی (اسٹاف رپورٹر)وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ کراچی میں موجودہ پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت نے ترقیاتی کاموں کا آغاز کردیا ہے اور جلد ہی اس شہر کے عوام کو مزید تحفے دئیے جائیں گے۔ منظور کالونی پی ایس 104 میں اپنی زندگی کے پہلے کسی منصوبے کا آج باقاعدہ آغاز کررہا ہوں اور انشا اللہ اب یہ سلسلہ روزانہ کی بنیاد پر شروع کردیا جائے گا۔ منظور کالونی میں56 کروڑ40 لاکھ روپے کی لاگت سے نالے کی تعمیر سے صرف منظور کالونی نہیں بلکہ کراچی کے لاکھوں لوگوں کو فائدہ پہنچے گا۔ گذشتہ 10 ماہ میں علاقے کے عوام سے جو وعدے کئے ان کو پورا کرنے کی کوشش کی تھی اور یہی وجہ ہے کہ عوام نے مجھے اس حلقے سے کامیاب کروایا اور انشا اللہ اب 5 سالوں کے دوران اس حلقے کے تمام مسائل کے حل کے لئے کام کا آغاز کردیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز منظور کالونی پی ایس 104 میں نالے کی تعمیر کے سنگ بنیاد کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب سے نوید انتھونی، فرحان غنی سمیت دیگر نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر بلدیات نے نالے کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھا اور علاقہ کے عوام کی جانب سے لائے گئے صدقے کے بکروں کا زبحہ کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سعیدغنی نے کہا کہ منظور کالونی اور اس سے متصل آبادی کے لئے اس نالے کی تعمیر ناگزیر ہوگئی تھی اور اس حوالے سے میں گذشتہ ایک سال سے محنت کررہے تھے اور تمام تر قانونی تقاضوں کے بعد اب وزیر اعلی سندھ کی جانب سے اس کے لئے فنڈز کی نہ صرف منظوری مل گئی ہے بلکہ فنڈ کی25 فیصد رقم بھی جاری کردی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ نالہ 2 سال میں مکمل ہونا ہے لیکن میری بھرپور کوشش ہے کہ اس کو ایک سال میں مکمل کرکے اس کے دوسرے فیز جس میں 7 کلومیٹر دو طرفہ سڑک، اسٹریٹ لائٹس اور اس نالے سے پیدل، موٹر سائیکلوں اور گاڑیوں کے لئے پل بھی بنائیں جائیں گے جبکہ اس کے تیسرے فیز میں اس نالے کو قائد آباد سے آنے والے نالے سے منسلک کردیا جائے گا، جس کے بعد پوری کراچی میں سیوریج اور بالخصوص برسات میں نالوں کے باعث درپیش مشکلات کا ازالہ ہوسکے گا۔ وزیر بلدیات سعید غنی نے کہاکہ چنیسر گوٹھ میں کالجز اور اسپتالوں کو بھی اپ گریڈ کیا جارہا ہے جبکہ ایک اسکول کو زیبسٹ کو گود دینے کے لئے بھی بات چیت جاری ہے اور انشا اللہ جلد ہی اس علاقے کے بچوں کو اعلی پرائمری اور سیکنڈری تعلیم مفت فراہم کی جائے گی۔