دوسرا نوٹس نظر انداز، پی ایس ایف سے 11سٹوڈنٹس پھر غیر حاضر
ملتان ( سٹاف رپورٹر‘نیوز رپورٹر) بہاالدین زکریا یونیورسٹی تشدد کیس میں ڈسپلن کمیٹی کے دوسرے نوٹس پر بھی کوئی طالب علم پیش نہیں ہوا۔ تیسرا اور آخری نوٹس جاری کر دیا گیا۔ بتایا گیا ہے کہ بہاالدین زکریا یونیورسٹی تشدد کیس میں پی ایس ایف کے 11طلبا کو نوٹس جاری کرکے ڈسپلن کمیٹی نے طلب(بقیہ نمبر50صفحہ7پر )
کیا گیا تھا مگر کوئی طالب علم پیش نہیں ہوا۔ اس پر دوسرا نوٹس جاری کر دیا گیا مگر اس کی بھی مذکورہ طلبا نے پروا نہیں کی اور گزشتہ روز کوئی طالب علم ڈسپلن کمیٹی کے رو برو پیش نہیں ہوا۔اس پر تیسرا او ر آخری نوٹس جاری کر دیا گیا ہے ۔ اگر آج بھی مذکورہ پیش نہ ہونے تو ڈسپلن کمیٹی ان کے خلاف یکطرفہ کارروائی کر ے گی اور انہیں یونیورسٹی سے خارج کر دیا جائے گا اور رولز کے مطابق مزید کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔واضح رہے کہ یونیورسٹی میں سرعام طالب علم کے کپڑے پھاڑ کر تشدد کرنے اور اس کی ویڈیو بنا کر وائرل کرنے سے یونیورسٹی کی بدنامی ہوئی ہے اور گورنر و وزیر اعلیٰ پنجاب نے بھی اس کا نوٹس لیا ہے۔ذرائع کے مطابق یونیورسٹی میں بعض غنڈہ عناصر طلبا کے روپ میں موجو د ہیں اور آؤٹ سائیڈرز کو بھی بلاکر غنڈہ گردی کرتے ہیں ۔ یہ سلسلہ طویل عرصے سے جاری ہے ۔ اگر یونیو رسٹی انتظامیہ ان کے خلاف کارروائی کرتی ہے تو وہ حکم امتناعی کی آڑ میں واپس آجاتے ہیں اورقوانین کے سقم کا فائدہ اٹھا کر کارروائی سے بچ جاتے ہیں جس سے ان کے حوصلے مزید بلند ہو جاتے ہیں۔یونیورسٹی انتظامیہ نے اس بارے میں گورنر و چانسلر کو بھی آگا ہ کر دیا ہے۔ ادھر پیپلزپارٹی جنوبی پنجاب کے صدر مخدوم سید احمد محمود، پیپلزپارٹی جنوبی پنجاب کے سینئر نائب صدر خواجہ رضوان عالم، پیپلزپارٹی جنوبی پنجاب کی جنرل سیکرٹری نتاشہ دولتانہ، ممبر فیڈرل کونسل عبدالقادر شاھین، ملتان سٹی کے صدر ملک نسیم لابر، ملتان ضلع کے جنرل سیکرٹری راو ساجد علی، ملتان سٹی کے جنرل سیکرٹری اے ڈی بلوچ، ملتان ضلع کے سیکرٹری انفارمیشن چوہدری یاسین، ملتان سٹی کے سیکرٹری انفارمیشن ریاض رضا، پیپلز یوتھ آرگنائزیشن جنوبی پنجاب کے صدر سید عارف شاہ، پیپلز لائرز فورم جنوبی پنجاب کے صدر شیخ غیاث الحق ایڈووکیٹ،و دیگر نے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ بہاالدین زکریا یونیورسٹی میں پی ایس ایف کے نوجوانوں کے ساتھ جو ظلم و جبر کا کھیل کھیلا جا رہا ہے اس کی ہم شدید مذمت کرتے ہیں۔ جبکہ ملتان(نیوز رپورٹر)تحریک انصاف پروفیشنلز فورم ملتان کے چیئرمین ڈاکٹر عرفان احمد پراچہ، پروفیسر امیر نواز ، ثقلین خان بلوچ، ملک تصور حیات نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ بہاء الدین زکریا یونیورسٹی میں حالات بہتر کرنے کیلئے عملی اقدامات کیے جائیں ۔ پاکستان تحریک انصاف ملتان کے منتخب اراکین قومی اسمبلی و منتخب اراکین صوبائی اسمبلی سے اپیل ہے کہ وہ یونیورسٹی معاملات کا بغور و خوص جائزہ لیں اور یونیورسٹی حوالے سے گورنر پنجاب اور وزیر اعلیٰ پنجاب کو فی الفور آگاہ کریں۔