تعلیمی نظام میں اصلاحات کیلئے اقدامات کررہے ہیں،راجہ افتخار
مظفرآباد( بیورورپورٹ)ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر مظفرآباد راجہ افتخار حسین نے کہا ہے کہ حکومت آزاد کشمیر خطہ کے اندر تعلیمی نظام میں اصلاحات کے لیے جاندار اقدامات اٹھا رہی ہے۔ معیار تعلیم میں بہتری حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ محکمہ تعلیم میں اصلاحات اور اساتذہ کی میرٹ پر بھرتیوں کو این ٹی ایس کے ذریعے یقینی بنا دیا گیا ہے۔ تعلیمی اداروں کو سیاست سے پاک کیا جا رہا ہے ۔اساتذہ قوم کے معمار ہیں اور وہ اپنی ذمہ داریاں بھرپور طریقے سے ادا کریں۔ معیاری اور جدید تعلیم کے بغیر کوئی ملک ترقی کی منازل طے نہیں کر سکتا اور نہ دنیا کا مقابلہ کر سکتا ہے۔ آزاد کشمیر میں شرح خواندگی پاکستان کے تمام صوبوں سے زیادہ ہے اور اب حکومت آزاد کشمیر معیار تعلیم کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ بنانے کے لئے کوشاں ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے عالمی یوم خواندگی کی مناسبت سے الیاس طارق شہید گورنمنٹ مڈل سکول رحیم کوٹ میں منعقدہ تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔ تقریب سے پرنسپل قمر الدین قمر انٹر کالج رحیم کوت پیرزادہ عبدالقادر، پرنسپل گورنمنٹ گرلز ہائیر سیکنڈری سکول رحیم کوٹ شاہدہ صدیق،کو آرڈینیٹر پی آر پی سردار عبدالرحیم، راجہ ناصر لطیف ایڈووکیٹ، صدر معلم الیاس طارق شہید گورنمنٹ مڈل سکول رحیم کوٹ راجہ اعجاز علی خان، یونین کونسل کٹکیر کے تعلیمی اداروں کے سربراہان چوہدری اختر حسین اختر، چوہدری محمد افسر سجاد، راجہ اورنگزیب، چوہدری محمد زاہد، سید غلام حسین شاہ اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ تقریب میں طلباء و طالبات سمیت عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کے دوران مقررین کا کہنا تھا کہ اس وقت تعلیم کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ بنانے کی ضرورت ہے۔ جدید تعلیم کے بغیر ترقی یافتہ اقوام کی صف میں کھڑا ہونا ممکن نہیں ۔ محکمہ تعلیم میں اصلاحات کے لیے حکومت آزاد کشمیر کے اقدامات حوصلہ افزاء ہیں ۔دنیا میں جن اقوام نے بھی ترقی کی ہے انہوں نے تعلیم کو اولیت دی۔ مقررین نے کہا کہ اس وقت آزاد کشمیر میں شرح خواندگی سب سے زیادہ ہے۔ جو کہ آزاد کشمیر حکومت اور اساتذہ کی محنت کا نتیجہ ہے۔ آزاد کشمیر میں تعلیم کا معیار بہتر بنانے کے لیے حکومتی اقدامات کا بھرپور ساتھ دیا جائے گا۔