100 دن کے ایجنڈے کی تکمیل کیلئے مصروف عمل ہیں، فیاض الحسن

100 دن کے ایجنڈے کی تکمیل کیلئے مصروف عمل ہیں، فیاض الحسن

راولپنڈی (سٹی رپورٹر)پنجاب کے وزیر اطلاعات و ثقافت فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان کی ہدایات پر اپنی تما م تر توجہ کارکردگی پر فوکس کئے ہوئے ہیں، عوامی اور قومی مسائل سے بخوبی آگاہ ہیں، جو مخالفین یہ کہتے تھے کہ عمران خان کے مقدر میں شیروانی پہن کا وزارت عظمی کے عہدے کا حلف اٹھانانہیں لکھا ہے وہ اب منہ چھپاتے پھر رہے ہیں اور سیاسی مخالفت کے باووجود اللہ تعالی نے تحریک انصاف کو جس طرح شاندار کامیابی عطا کی اس کا حق ادا کرنے کیلئے انشاء اللہ سو دنوں میں کارکردگی کی مثال قائم کریں گے۔ اس امر کا اظہار انہوں نے گولڈن مال راولپنڈی میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عبداللہ خان کی طرف سے اپنے اعزاز میں دیئے گئے عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں رکن پنجاب اسمبلی اعجاز خان جازی، سید بابر حسین کاظمی، چوہدری اصغر ، مصدق گھمن، جہانگیر خان، زنگی خان ،اظہر اقبال ستی ، یونین کونسلز کے چیئرمینوں، کونسلرز اور معززین علاقہ علاقہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ فیاض الحسن چوہان نے کہاکہ ہفتہ اتوار کی چھٹی اور گھر بار بھول کر پہلے سو دن عوام سے کئے گئے وعدے پورے کرنے میں صرف کر رہے ہیں لیکن مخالفین کا منفی پراپیگنڈہ جاری ہے اور وہ نہیں چاہتے کہ ملک ترقی کرے اور پاکستان کے عوام خوشحال ہوں۔انہوں نے کہاکہ حلقے کے عوامی مسائل سے بخوبی آگاہ ہوں ۔قومی ترقی اور معاشی استحکام کا جامع پلان مرتب کر رہے ہیں، رشوت و سفارش کلچر کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کا تہیہ کر رکھا ہے ، ایسا نظام مرتب کر رہے ہیں جس سے ملازمتیں میرٹ ، انصاف اور اہلیت کی بنیاد پر ملیں گی اور کسی کی حق تلفی نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہاکہ تمام علاقوں کی یکساں بنیادوں پر تیز رفتار ترقی اور مقامی سطح پر عوامی مسائل حل کرنے کے لئے مضبوط بلدیاتی نظام متعار ف کرا رہے ہیں جس میں عوامی نمائندے مکمل طو رپر با اختیار ہوں گے اور مقامی ضروریات اور عوامی خواہشات کے مطابق ترقیاتی کام کریں گے۔ انہوں نے حلقے کے عوام کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے پی ٹی آئی قیادت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے انہیں کامیاب کیا اور اب یہ ہمارا فرض ہے کہ ہم نہ صرف عوامی مسائل کا فوری حل یقینی بنائیں بلکہ ایسے پروگرام بھی پائیہ تکمیل تک پہنچائیں جن پر عملدرآمد سے ملک میں معاشی استحکام آئے اور دنیا میں پاکستان کا وقار بلند ہو۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رکن پنجاب اسمبلی اعجازجازی خان نے کہاکہ پی ٹی آئی عوامی اعتماد پر پورا اترے گی اور کرپشن مافیہ کو کیفرکردار تک پہنچا کر لٹی ہوئی قومی دولت واپس لائے گی۔ تقریب کے میزبان خان عبداللہ خان نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ لٹیروں کا احتساب ہر صورت ہو گااورجس جذبے اور لگن کے ساتھ وزیر اعظم پاکستان عمران خان اور ان کی ٹیم ملک کو مسائل کی دلدل سے نکالنے کیلئے پرعزم ہے اور جد و جہد کر رہی ہے اس سے وطن عزیز میں ایک نئے سنہری دور کا آغاز ہو گا جس میں عوام کو انصاف اور توقیر حاصل ہو گی اور مفاد پرست عناصر کی حوصلہ شکنی ہو گی۔ انہوں نے صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت فیاض الحسن چوہان کو مبارک دیتے ہوئے انہیں اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔ اس موقع پر دیگر بلدیاتی نمائندوں نے بھی خطاب کیا اور کہاکہ قومی ترقی اور عوامی خوشحالی کے لئے وہ کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں گے۔

Back to Conver

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر