سینیٹر محسن عزیز کا اڑھائی سال کی تنخواہ ڈیم فنڈ میں دینے کا اعلان

سینیٹر محسن عزیز کا اڑھائی سال کی تنخواہ ڈیم فنڈ میں دینے کا اعلان

اسلام آباد(آن لائن )تحریک انصاف کے رہنما سینٹر محسن عزیز نے اپنی اڑھائی سال کی تنخواہ دیامیر بھاشاڈیم فنڈ میں دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملکی بقاء کیلئے نئے ڈیموں کی تعمیر انتہائی ناگزیر ہے‘قوم وزیراعظم پاکستان عمران خان کی آواز پر لبیک کہتے ہوئے دیا میر بھاشا ڈیم کی تعمیر میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے‘نئے ڈیموں کی تعمیر وقت کی اہم ضرورت ہے ‘اگر ہم نے اس امر سے چشم پوشی کی تو آنے والی نسلیں ہمیں معاف نہیں کریں گی‘دنیا میں قلت آب کا مسئلہ انہتائی گھمبیر صورتحال اختیار کرتا جارہاہے‘دنیا میں اب جنگیں پانی کے مسائل پر لڑی جائیں گی‘ڈیم ملک کی ضرورت ہے اس پر سیاست نہیں کرنی چاہیے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے ایک بیان میں کیا۔ان کا کہنا تھا کہ ملک میں اس وقت آبی قلت شدت اختیار کر رہی ہے‘اگر ہم نے بروقت اس مسئلے کی جانب توجہ نہ دی تو پاکستان بھی بنجر بن سکتا ہے۔انہوں نے ماضی کی حکومتوں کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ ماضی میں جنگی بنیادوں پر پانی کے مسئلہ سے نمٹنے کیلئے کام کیا جانا چاہیے تھا ،مگر بدقسمتی سے ایسا نہ ہو سکا،ان حکومتوں نے اہم نوعیت کے مسئلہ پر صرف زبانی جمع خرچ سے کام لیا مگر اب ایسا نہیں ہوگا۔ تحریک انصاف کی حکومت اور وزیراعظم عمران خان پانی کی کمی کے مسئلہ پر خصوصی دلچسپی لے رہے ہیں اور اس پر تیزی سے کام جاری ہے۔

محسن عزیز

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر