ثنا بچہ نے ایک بار پھر اپنا ٹی وی پروگرام چھوڑ دیا، وجہ کیا بنی ؟ جان کر آپ کو بھی افسوس ہوگا
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) اینکر پرسن ثنا بچہ نے ایک بار پھر اپنے ٹی وی پروگرام کو خیر باد کہہ دیا ہے ، ان کا کہنا ہے کہ انہوں نے ادارتی پالیسی سے اختلاف کی بنا پر استعفیٰ دیا ہے۔
ٹوئٹر پر ثنا بچہ نے لکھا کہ ’ ایک اور نے دھول چاٹی، میں نے پبلک نیوز سے استعفیٰ دے دیا ہے اور اس کی وجہ بالکل واضح ہے اور وہ یہ کہ میں کبھی بھی اپنی ایڈیٹوریل پوزیشن پر سمجھوتہ نہیں کرسکتی، نہ میں نے کبھی سمجھوتہ کیا اور نہ کبھی کروں گی۔ ان تمام لوگوں کا شکریہ جنہوں نے میرے پروگرام میں شرکت کی ‘۔
واضح رہے کہ ثنا بچہ اس سے قبل جیو نیوز پر ’ لیکن‘ کے نام سے پروگرام کیا کرتی تھیں تاہم انہوں نے کچھ سال پہلے اپنا پروگرام چھوڑ دیا تھا جس کے بعد انہوں نے ماڈلنگ اور فلم انڈسٹری میں قسمت آزمائی تاہم خاطر خواہ کامیابی حاصل نہ کرسکیں جس کے بعد انہوں نے ایک بار پھر صحافت میں قسمت آزمائی کا فیصلہ کیا اور کچھ عرصہ پہلے لانچ ہونے والے نئے ٹی وی چینل پبلک نیوز پر پروگرام کا آغاز کیا تھا۔