بھیس بدل کر ٹرینوں کو چیک کروں گا: شیخ رشید
راولپنڈی (ویب ڈیسک)وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ بھیس بدل کربھی ٹرینوں کوچیک کروں گا، بہت سی ٹرینیں اپ گریڈ ہونی ہیں، ہم موہن جو دڑو تک ٹرین لے کر جائیں گے۔
شیخ رشید نے راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا ہے کہ محکمہ ریلوے میں زیرو ٹالرنس کرپشن کی پالیسی پر گامزن ہیں، بڑے بڑے بلڈرز نے محکمہ ریلوے کی زمین پر قبضہ کر لیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات میں اپنی سفارشات پیش کریں گے، محکمہ ریلوے کی زمین واگزار کرانے کے لیے آرڈیننس جاری کرنے کی تجویز دوں گا۔وزیر ریلوے نے مزید کہا کہ سی پیک پاکستان کی ریڑھ کی ہڈی ہے، ریلوے کا محکمہ 40سے 42ارب روپے کے خسارے میں ہے، ہمارے پاس وسائل نہیں پھر بھی کام کریں گے۔
شیخ رشید نے کہا کہ بہت سی ٹرینیں پرانی ہوگئیں، جنہیں اپ گریڈ کرنے کی ضرورت ہے،20دن میں 2ٹرینیں تیار کی گئی ہیں، مزدوروں نے دن رات کام کیا ہے، انہیں پانچ پانچ ہزار انعام دیں گے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ ریلوے کو مثالی بنانے کی کوشش کریں گے،ہمیں بہت سے چیلنجز کا سامنا ہے،ہمارا سب سے بڑا ٹاسک خسارے کوختم کرنا ہے،ریلوے کو ایک سال کے اندر خسارے سے نکالیں گے۔