پنجاب میں کھیلوں کی ترقی کیلئے ورکنگ کلچر تبدیل کرنا ہوگا: علیم خان

پنجاب میں کھیلوں کی ترقی کیلئے ورکنگ کلچر تبدیل کرنا ہوگا: علیم خان
پنجاب میں کھیلوں کی ترقی کیلئے ورکنگ کلچر تبدیل کرنا ہوگا: علیم خان

  

لاہور(ویب ڈیسک) سینئر صوبائی وزیر عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ سرکار کے فنڈز خرچ کرنا کوئی بہادری نہیں ، ضرورت اس امر کی ہے کہ محکمے حکومت کو نجی شعبے کی شراکت سے پیسہ کما کر دیں ،وہ100روزہ پلان کے سلسلے میں محکمہ سپورٹس کے اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کر رہے تھے صوبائی وزیر کھیل رائے تیمور خان بھٹی ،سیکرٹری سپورٹس اینڈ یوتھ افئیرز ،ڈائریکٹر جنرل سپورٹس عامر جان اور سینئر افسران اجلاس میں موجود تھے ۔

سینئر وزیر عبدالعلیم خان نے ہدایت کی کہ سپورٹس کے شعبے میں پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت تمام کھیلوں میں بڑے کاروباری اداروں ، کمپنیوں اور ملٹی نیشنل آرگنائزیشن سے فنڈنگ حاصل کریں ،انہوں نے سپورٹس پالیسی کی تشکیل کی ہدایت کی جس میں مستقل بنیادوں پر کھیلوں کا کیلنڈر بنایا جائے ، انہوں نے کھیلوں کے تمام میدانوں میں شادی بیاہ و دیگر تقریبات پر پابندی عائد کرنے کی ہدایت کی تاکہ نوجوانوں کو ہمہ وقت کھیلوں کی سہولتیں حاصل ہوسکیں ،سینئر وزیر نے کہا کہ صوبے میں کھیلوں کی ترقی کیلئے ورکنگ کلچر تبدیل کرنا ہو گااور ہر شہر میں بلا تفریق کھیلوں کی سہولتوں کو نچلی سطح تک یقینی بنانا ہوگا۔

عبدالعلیم خان نے صوبے بھر میں کھیلوں کے جاری منصوبوں کو جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔سینئر وزیرعبدالعلیم خان نے مزید کہا کہ گنجان آباد علاقوں میں کھیلوں کے میدان تلاش کیے جائیں اور خواتین کیلئے علیحدہ سپورٹس کمپلیکس بنائے جائیں تاکہ عورتوں کو بھی کھیل کے میدان میں مہارت حاصل کرنے کا موقع مل سکے ،سینئر وزیر عبدالعلیم خان نے وزیر سپورٹس رائے تیمورخان بھٹی اور سیکرٹری سپورٹس کے ہمراہ زیر تکمیل منصوبوں کا فوری دورہ کرنے اور ان کی تکمیل کیلئے پالیسی طے کرنے کیلئے کہا ۔

انہوں نے کہا کہ وہ خود مختلف شہروں کا دورہ کریں گے تاکہ سپورٹس کی سہولتوں کا آن گرائو نڈ جائزہ لیا جا سکے ،صوبائی وزیر سپورٹس رائے تیمور خان بھٹی نے محکمے کے مختلف منصوبوں پر اپنی رائے کا اظہار کیا اور کھیلوں کی سہولتوں میں اضافے کی تجویز دی۔محکمہ سپورٹس کی جانب سے ڈائریکٹر جنرل نے تفصیلی بریفنگ دی ،انہوں نے بتایا کہ کئی ایک منصوبے فنڈز کی عدم فراہمی کے باعث رکے ہوئے ہیں جن کی تکمیل سے نوجوانوں کو کھیلوں کی سہولتوں میں اضافہ ہوگا۔

مزید : علاقائی /پنجاب /لاہور