سرفراز بگٹی 37 ووٹ لیکر سینیٹر منتخب بلوچستان سے نشست نعمت اللہ زہری کے مستعفی ہونے کے بعد خالی ہوئی تھی
کوئٹہ (ویب ڈیسک) سینٹ میں بلوچستان کی خالی جنرل نشست کیلئے ہونے والے انتخاب میں بلوچستان عوامی پارٹی (بی اے پی) کے امیدوار میر سرفراز بگٹی 37 ووٹ لیکر کامیاب ہوگئے۔
نوائے وقت کے مطابق انکے مدمقابل متحدہ مجلس عمل کے امیدوار رحمت اللہ کاکڑ صرف 20 ارکان کی حمایت حاصل کر پائے۔ جنرل نشست کیلئے بلوچستان اسمبلی میں صبح 10 سے شام 4 بجے تک بلاتعطل پولنگ کا عمل جاری رہا جس میں 61 میں سے 57 ارکان نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا جبکہ چار ارکان اسمبلی نے ووٹ کاسٹ نہیں کیا۔
بدھ کے روز ہونیوالے انتخاب میں بی اے پی اور ایم ایم اے کے علاوہ آزاد امیدواروں علاءالدین مری اور میر غلام دستگیر بادینی نے بھی حصہ لیا۔ بلوچستان نیشنل پارٹی اور پشتونخوامیپ نے ایم ایم اے کے امیدوار کو ووٹ دیا جبکہ تحریک انصاف نے میر سرفراز بگٹی کی حمایت کا اعلان کیا تھا۔ آزاد امیدوار میرعامر رند نے الیکشن سے قبل دستبردار ہونے کا اعلان کیا تھا۔ بلوچستان سے سینٹ کی ایک نشست میر نعمت اللہ زہری کے مستعفی ہونے کے بعد خالی ہوئی تھی۔