ملتان میٹرو بس کرپشن کیس ،قومی احتساب بیورو کی ملتان ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کے دفتر میں بڑی کارروائی،ریکارڈ قبضے میں لیتے ہوئے 5 اعلیٰ افسران کو گرفتار کر لیا

ملتان میٹرو بس کرپشن کیس ،قومی احتساب بیورو کی ملتان ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کے ...
ملتان میٹرو بس کرپشن کیس ،قومی احتساب بیورو کی ملتان ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کے دفتر میں بڑی کارروائی،ریکارڈ قبضے میں لیتے ہوئے 5 اعلیٰ افسران کو گرفتار کر لیا

  

ملتان(ڈیلی پاکستان آن لائن)قومی احتساب بیورو (نیب) نے مسلم لیگ( ن) کی حکومت کے میگا پراجیکٹ  ملتان میٹرو بس کرپشن کیس کے سلسلے میں ملتان ڈیویلپمنٹ اتھارٹی (ایم ڈی اے) کے دفتر پر چھاپہ مارا ہے اور میٹرو بس منصوبے کا ریکارڈ قبضے میں لیتے ہوئے 5سرکاری افسران کو حراست میں لے لیا ہے ۔

نجی ٹی وی کے مطابق نیب نے ملتان میں بڑی کارروائی کرتے ہوئے ایم ڈی اے کے دفتر پر چھاپہ مار کارروائی کرتے ہوئے اہم ریکارڈ قبضے میں لے لیا ہے اور وہاں موجود اہم سرکاری افسران  جن میں 2 ایکسیئن، ایک انجینئر اور ایک ایس ڈی او کو تحویل میں لے لیا ہے جبکہ اس کے ساتھ ساتھ پیشی پر آئے ہوئے ڈائریکٹر انجینیئرنگ نذیر چغتائی کو بھی حراست میں لے لیا ہے۔نیب کی ٹیم نے جن افراد کو گرفتار کیا ہے ان میں میں ایکسیئن رانا وسیم، ایس ڈی اوز منظور حسین اور منعم سعید اور دیگر  شامل ہیں۔

واضح رہے کہ چیئرمین نیب  جسٹس(ر) جاوید اقبال نے ملتان میٹرو بس منصوبہ میں مبینہ کرپشن اور پی آئی اے کے طیارہ فروخت کرنے کی انکوائری کا حکم دیتے ہوئے کہاتھا کہ نیب میں میگا کرپشن کے مقدمات اب الماریوں اور فائنلوں میں بند نہیں پڑے رہیں گے ،تمام شکایات ،انکوائریوں اور تحقیقات کو ٹرانسپرنسی، میرٹ، شواہد اور سائنسی بنیادوں پر مکمل کیا جائے گا، نیب کسی سے سیاسی اور ذاتی انتقام کیلئے نہیں بنا بلکہ ایک باضابطہ اور طے شدہ طریقہ کار کے مطابق کام کرنے کا 10ماہ کا جو وقت مقرر کیا گیا ہے اس پر سختی سے عمل کیا جائے گا اور صرف اور صرف میرٹ، دیانتداری، ایمانداری، میرٹ، شفافیت اور قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے بلا تفریق ملک سے بدعنوانی کے خاتمے کیلئے اقدامات کئے جائیں گے۔

مزید : قومی /علاقائی /پنجاب /ملتان