پاک چین دوستی حکومتوں کی تبدیلی سے مشروط نہیں، ہر آزمائش پر پوری اتری ہے، گورنر سندھ سے چینی قونصل جنرل کی ملاقات

پاک چین دوستی حکومتوں کی تبدیلی سے مشروط نہیں، ہر آزمائش پر پوری اتری ہے، ...
پاک چین دوستی حکومتوں کی تبدیلی سے مشروط نہیں، ہر آزمائش پر پوری اتری ہے، گورنر سندھ سے چینی قونصل جنرل کی ملاقات

  

کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن) گورنر سندھ عمران اسماعیل سے چین کے قونصل جنرل وانگ یو نے گورنر ہاؤس میں ملاقات کرتے ہوئے  پاک چین تجارتی تعاون ، صوبہ میں سی پیک کے تحت منصوبوں پر پیش رفت ،توانائی کے شعبہ میں چینی سرمایہ کاری،مختلف شعبوں میں مزید تعاون اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔

تفصیلات کے مطابق گورنر سندھ نے  چین کے قونصل جنرل وانگ یو سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے  کہا کہ پاک چین دوستی آزمائش کی ہر گھڑی میں پوری اتری ہے کیونکہ دونوں ملکوں کے عوام کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں، پاک چین دوستی حکومتوں کی تبدیلی او دیگر عوامل سے مشروط نہیں یہی وجہ ہے کہ اس میں مسلسل مضبوطی آرہی ہے جس کا ایک بڑا ثبوت سی پیک کا عظیم منصوبہ ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ سی پیک کی شکل میں پاک چین اقتصادی تعاون دنیا کے لئے ایک مثال ہے ، کیونکہ اس منصوبہ سے مختلف شعبوں کے انفرا اسٹرکچر کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ بیروزگاری کے خاتمہ میں بھی مدد ملے گی ۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک حقیقی معنوں میں پاکستان سمیت پورے خطہ کے لئے گیم چینجر کی حیثیت رکھتا ہے کیونکہ اس کی تکمیل سے توانائی ، شاہراہوں اور دیگر شعبوں میں انقلابی تبدیلیاں واقع ہوگی۔ گورنر سندھ نے کہا کہ سی پیک کے منصوبوں سے دونوں ممالک کی معیشت کو بے انتہا فائدہ ہوگا کیونکہ اس کے استعمال سے چین کو بھی اپنے درآمدی بجٹ میں کمی کرنے کا موقع ملے گا۔ چین کے قونصل جنرل نے گورنر سندھ کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ گورنر سندھ کی رہنمائی میں صوبے میں سی پیک کے تحت منصوبوں کی جلد تکمیل میں مدد ملے گی۔

مزید : علاقائی /سندھ /کراچی