گلگت، بلتستان اور آزاد کشمیر میں کینسر کے مریضوں کا مفت علاج کیا جائے گا: ڈاکٹر ظفر مرزا
اسلام آباد (آ ئی این پی)وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں صحت کے شعبے میں انقلابی تبدیلیاں لارہے ہیں، وزارت قومی صحت یونیورسل ہیلتھ کوریج کو یقینی بنانے کے لئے پرعزم ہے، مریضوں کے لیے کینسرکا مہنگا علاج مفت فراہم کرنا موجودہ حکومت کی ترجیح ہے، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے لوگ جو خون کے سرطان میں مبتلا ہیں ان کو مفت ادویات فراہم کی جائیں گی، کینسر کے علاج کی ادویات بہت مہنگی ہیں، یہ پبلک پرائیوٹ پارٹنر شپ کی بہت اچھی مثال ہے، وزیراعظم عمران خان بھی پبلک پرائیوٹ پارٹنر شپ کے حامی ہیں۔ جمعرات کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ یادداشت پر دستخطوں کا مقصد اسلام آباد،گلگت بلتستان اور آزاد جموں وکشمیر کے کینسر کے مریضوں کا مفت علاج کروانا ہے جس کے تحت اس پراجیکٹ پر آنے والی لاگت کا 10فیصد وزارت قومی صحت ادا کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ معاہدے کے تحت خون کے سرطان، معدہ، گردہ، چھاتی اور لبلبہ کے سرطان میں مبتلا مریضوں کامفت علاج کیا جائے گا۔ اسلام آباد،آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کے شناختی کارڈز رکھنے والے اندراج شدہ مریضوں کو اس پراجیکٹ کے تحت مفت علاج کی سہولت دی جائے گی۔ ڈاکٹر ظفرمرزا نے کہا کہ علاج کرنے والے مراکز پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز)اسلام آباد اور عباس انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز مظفر آباد میں قائم کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزارت قومی صحت یونیورسل ہیلتھ کوریج کو یقینی بنانے کے لئے پرعزم ہے، وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں صحت کے شعبے میں انقلابی تبدیلیاں لا رہے ہیں، وزیر اعظم عمران خان بھی پبلک پرائیوٹ پارٹنر شپ کے حامی ہیں۔، ہمیں ایسے فلاحی کاموں میں بطور حکومت اپنا حصہ ڈالنا ہوگا۔
ڈاکٹر ظفر مرزا