شمالی اور جنوبی وزیر ستان میں انٹر نیٹ سروس کا آغاز

شمالی اور جنوبی وزیر ستان میں انٹر نیٹ سروس کا آغاز

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 
پشاور(سٹاف رپورٹر)دہشت گردی و عسکریت پسندی سے متاثرہ جنوبی وزیرستان سمیت دیگر قبائلی علاقوں میں عوام کو موبائل اور انٹر نیٹ کی سہولت فراہم کرنے کے لیے مفاہمتی یاداشت پر دستخط ہوئے۔ 90 ملین ڈالرز مالیت کے معاہدے سے جنوبی وزیرستان کے 411 موضع جات کے لاکھوں عوام موبائل اور انٹرنیٹ سروس سے مستفید ہونگے۔ مقامی فائیو سٹار ہوٹل میں منعقدہ تقریب کے مہمان خصوصی وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی مقبول صدیقی تھے جبکہ وزیر اعلی کے مشیر برائے ضم اضلاع اجمل خان وزیر اور صوبائی مشیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی کامران بنگش نے تقریب میں خصوصی شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اجمل وزیر نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے قبائلی علاقوں کے متعدد دوروں کے دوران عوام کو دیگر بنیادی سہولیات سمیت باہمی روابط کو موثر بنانے کے لیے موبائل اور انٹرنیٹ کی سہولت فراہم کرنے کا وعدہ کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان اور وزیر اعلیٰ محمود خان کے وعدوں کو عملی جامہ پہنانے کے لیے مختلف منصوبوں پر کام کا اغاز کر دیا گیا ہے۔ جنوبی وزیرستان میں عوام کو موبائل اور انٹرنیٹ سہولت کی فراہمی مقامی قبائل کا دیرینہ مطالبہ تھا جو اب حقیقت کا روپ دھار رہا ہے۔ منصوبے کی تکمیل سے جہاں نوجوانوں کو حصول تعلیم میں سہولیات میسر ہونگی وہاں دیار غیر میں مقیم قبائل کو اپنے خاندان اور رشتہ داروں سے روابط میں بھی آسانی ہوگی۔اجمل وزیر نے کہا کہ قبائلی علاقوں کی پسماندگی دور کرنے کے لیے حکومت تمام وسائل بروئے کار لارہی ہے۔ قبائلی علاقوں میں مواصلات کا نیٹ ورک بچھانے کے بعد حکومت سیاحت کے فروغ کے لیے اقدامات اٹھائے گی۔انہوں نے جنوبی وزیرستان میں موبائل نیٹ ورک کو عملی جامہ پہنانے کے لیے کاوشوں پر وفاقی وزیر انفار میشن ٹیکنالوجی خالد مقبول صدیقی، سگنلز کور کے برگیڈئیر شاہد، جیز اور یو ایس ایف کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔