ملکی معیشت تباہی کے دہانے پر پہنچ چکی، عالمگیر شاہ 

ملکی معیشت تباہی کے دہانے پر پہنچ چکی، عالمگیر شاہ 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


پشاور(سٹی رپورٹر)مسلم لیگ(ن)سوشل میڈیا کے صدر عالمگیر شاہ نے کہا ہے کہ حکومت مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے۔معیشت بد حالی کا شکار ہے۔شرح سود میں تیرہ فیصد اضافہ ہوچکا ہے۔مہنگائی دو سو فیصد بڑھ گئی ہے۔عوام کی قوت خرید ختم ہو چکی ہے۔بیروزگاری کی شرح میں خطرناک حد تک اضافہ ہو چکا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ذیشان اورکزئی ہاؤس کوہاٹ میں جنوبی اضلاع کے سوشل میڈیا کے عہدیداروں کے کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ محمد نواز شریف کا جر م یہ تھا کہ انہوں نے ملک کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کیا اور محمد نواز شریف کو ہٹانے کے پیچھے ملک دشمن عناصر تھے اور چار منصوبے جو محمد نواز شریف کی موجودگی میں ناممکن تھے پہلا منصوبہ کشمیر کو بھارت کا حصہ بنانا،دوسرا منصوبہ سی پیک کی روک تھام،تیسرا منصوبہ اسرائیل کو تسلیم کرنا اور چوتھا منصوبہ پاکستان کی معیشت کی تباہی کا تھا۔اس موقع پر حمود خٹک نے سوشل میڈیا کی اہمیت پر تفصیلی روشنی ڈالتے ہوئے میڈیا کی اہمیت کو اجاگر کیا اور کہا کہ سوشل میڈیا دور حاضر کی اہم ضرورت ہے اور مشکل وقت میں کارکن سوشل میڈیا کے ذریعے پارٹی کا دفاع کر رہے ہیں۔لیگی سوشل میڈیا ٹیم کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔اس موقع پر سوشل میڈیا ضلع کرک کے صدر ملک عارف خٹک نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سوشل میڈیا کے کارکن مسلم لیگ(ن)کے قیمتی اثاثہ ہیں اور مولانا فضل الرحمان کی جانب سے آزادی مارچ میں بھر پور شرکت کریں گے اور اپنی قیادت کو انصاف اور رہائی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا ورکرز حکومت کی ناکامیوں کو عوام تک پہنچانے کے لئے دن رات کام کریں۔موجودہ حکومت ایک سال میں ناکام ہو چکی ہے اور عوام تبدیلی چاہتے ہیں کیونکہ حکومت نے ایک سال میں عوام کو بدترین مہنگائی،بیروزگاری کے سوا کچھ نہیں دیا اور ملک کی معیشت کا بیڑا غرق کر دیا ہے۔