پنجاب کبڈی ٹیم سیریز کے لئے آج ایران روانہ ہوگی

  پنجاب کبڈی ٹیم سیریز کے لئے آج ایران روانہ ہوگی

لاہور(سپو رٹس رپورٹر)پنجاب کی کبڈی ٹیم آج ایران روانہ ہورہی ہے جہاں وہ تین کبڈی ٹیسٹ میچز کی سیریز کھیلے گی اور پاک ایران کبڈی ٹریننگ کیمپ میں حصہ لے گی، ان خیالات کا اظہار جمعرات کے روز پاکستان کبڈی فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل رانا محمد سرور اور ڈائریکٹر سپورٹس شاہد نظامی نے نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں مشترکہ پریس کانفرنس میں کیا، اس موقع پر فاطمہ فرٹیلائزر کے نمائندے محمد مبین بھی موجودتھے، رانا محمد سرور نے کہا ہے کہ پنجاب کی کبڈی ٹیم کے دورہ ایران سے ہمارے کھلاڑیوں کے کھیل میں بہتری آئے گی اور پاک ایران تعلقات مزید مستحکم ہوں گے، ہم صوبائی وزیر کھیل وامور نوجوانان و سیاحت رائے تیمور خان بھٹی اور ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ کے شکر گزار ہیں جنہوں نے ہمیشہ کبڈی کے فروغ کے لئے تعاون کیا ہے، حال ہی میں سپورٹس بورڈ پنجاب نے انٹرنیشنل کبڈی ٹاکرا بھی کرایا تھا جس میں بھارت اورایران کی ٹیموں نے بھی شرکت کی تھی، سپورٹس بورڈ پنجاب کے تعاون سے پنجاب کی کبڈی ٹیم کا دورہ ایران ممکن ہوا جس پر پاکستان کبڈی فیڈریشن ان کی تہہ دل سے مشکور ہے، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ نے کبڈی کے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی ہے، ان سے کبڈی کے فروغ کے بارے میں تفصیلی بات چیت ہوئی ہے۔، ہماری کوشش ہوگی کہ اگلا کبڈی ورلڈ کپ لاہور میں کرایا جائے جس کے لئے تیاری کررہے ہیں، اگلے سال کبڈی لیگ بھی منعقد کرائیں گے۔

۔ڈائریکٹر سپورٹس شاہد نظامی کاکہنا تھا کہ سپورٹس بورڈ پنجاب نے کبڈی کو ہمیشہ فروغ دیا ہے کیونکہ کبڈی پنجاب کا روایتی کھیل ہے اور پنجاب کی پہچان ہے، کبڈی کے فروغ کیلئے کبڈی کے مقابلے منعقد کرتے رہتے ہیں، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ کبڈی کے فروغ کے لئے خصوصی اقدامات کررہے ہیں، ہم امید کرتے ہیں پنجاب کی کبڈی ٹیم کا دورہ ایران کامیاب رہے گا اور ہمارے کھلاڑی وہاں سے بہت کچھ سیکھ کر آئیں گے۔ پنجاب کبڈی ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری طاہر وحید بٹ نے کہا ہے کہ پنجاب کی کبڈی ٹیم کے 10روزہ دورہ ایران سے ہمارے کھلاڑیوں کو فائدہ ہوگا، ہمارے کھلاڑی ایران کی قومی کبڈی ٹیم کے ساتھ کبڈی کے تین ٹیسٹ میچز کی سیریز کھیلیں گے اور پاک ایران مشترکہ کبڈی ٹریننگ کیمپ میں بھی حصہ لیں گے۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی


loading...