چہلم سے قبل سیکیورٹی اقدامات کا ازسرنو جائزہ لیاجائے،آئی جی سندھ

چہلم سے قبل سیکیورٹی اقدامات کا ازسرنو جائزہ لیاجائے،آئی جی سندھ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی(کرائم رپورٹر)سینٹرل پولیس افس کراچی میں آئی جی سندھ ڈاکٹرسیدکلیم امام کی زیرصدارت اعلیٰ سطحی اجلاس میں یکم تا عاشورہ محرم تکمیل شدہ سیکیورٹی امور و اقدامات کی بابت ڈی بریفنگ اجلاس ہوا اور مذکورہ دنوں میں حفاظتی اقدامات کس طرح انجام دیئے گئے کا جملہ پہلوؤں اورحوالہ جات سے تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے آئندہ کی حکمت عملی اور لائحہ عمل پر مزید ضروری ہدایات بھی دی گئیں۔دوران اجلاس محرم کے دنوں میں شہریوں کی عَلَم سے ہونیوالی اموات پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مستقبل میں ایسے حادثات کو محکمہ داخلہ سندھ، منتظمین محرم الحرام کی باقاعدہ مشاورت اور تعاون سے روکنے جیسے اقدامات کو بھی زیر بحث لایا گیا۔آئی جی سندھ نے ہدایات دیں کہ چہلم حضرت امام حسینؓ سے قبل سندھ بھر میں سیکیورٹی کے مجموعی اقدامات کا ازسرنوجائزہ لیا جائے۔جس میں ممکنہ اشتعال انگیزتقاریر/پمفلٹس کی تقسیم،بینرز وغیرہ آویزاں کرنے جیسے عمل کی مؤثر روک تھام کے ساتھ ساتھ سیکیورٹی ڈپلائمنٹ کی سائیکالوجیکل تربیت، باالخصوص ہنگامی صورتحال مثلاً فائرنگ، بم بلاسٹ یا سنگین نوعیت کے دیگر واقعات پرکنٹرول اورکس طرح کا ردعمل دینا ہے کی بابت بھی ٹرینگ کو لازمی بنایا جائے۔ مزید برآں جلوسوں کے متبادل روٹس سمیت خصوصاً مرکزی جلوس کی گزرگاہوں پر پولیس ڈپلائمنٹ/سیکیورٹی پلان کا ناصرف دوبارہ جائزہ لیاجائے بلکہ بم ڈی فیوزنگ کے لیئے دستیاب جدیدسہولیات کے استعمال کے ساتھ ساتھ محفوظ ایریازکابھی تعین کیاجائے۔ آئی جی سندھ نے مزید کہا کہ سوشل میڈیا بشمول فیس بک،ٹوئٹر، انسٹاگرام،واٹس ایپ، اسکائپ،وائبر ودیگر کی مانیٹرنگ کے لیئے ڈی آ ئی جیز کی سطح پر مانیٹرنگ رومز کا قیام عمل میں لایا جائے تاکہ مذہبی منافرت،شرانگیزی اور دل آزاری جیسے ممکنہ واقعات کی روک تھام اوراس ضمن میں ضروری قانونی اقدامات کو یقینی بنایا جاسکے۔انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے ایف آئی اے و قانون نافذ کرنیوالے دیگر اداروں سے مضبوط رابطوں کو بھی ممکن بنایا جائے۔آئی جی سندھ نے محرم سیکیورٹی اقدامات میں باالخصوص سکھر،لارکانہ پولیس رینج کے علاوہ حیدرآباد،میرپورخاص، شہیدبینظیرآباداور کراچی کی حکمت عملی اور لائحہ عمل کی تعریف کی اور سراہا۔انہوں نے اس حوالے سے رینجرز سندھ اور قانون نافذ کرنیوالے دیگراداروں کی مجموعی کارکردگی کی بھی تعریف کی۔اجلاس میں شریک ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام نبی میمن،ایڈیشنل آئی جی حیدرآباد ولی اللہ دل،ایڈیشنل آئی جی سکھرڈاکٹرجمیل احمد نے متعلقہ رینج کے مجموعی سیکیورٹی اقدامات پر علیحدہ علیحدہ تفصیلی بریفنگ دی علاوہ ازیں سندھ بھر کے تمام ڈی آئی جیز، ضلعی ایس ایس پیز نے بھی متعلقہ حدود میں امن وامان کی صورتحال سمیت اس ضمن میں پولیس کے جملہ امور کا بھی احاطہ کیا۔