وزیراعظم پاکستان اقوام متحدہ میں کشمیریوں کا مقدمہ پیش کریں گے اور فتح کشمیریوں کی ہو گی: شاہ محمود قریشی
مظفر آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ آج مظفر آباد میں کھلے آسمان تلے وزیراعظم پاکستان کا کشمیریوں سے خطاب ہو گا ، مودی کیا تم سری نگر میں کشمیریوں سے خطاب کر سکتے ہو ؟ عمران خان اقوام متحدہ میں کشمیریوں کا مقدمہ پیش کرے گا اور فتح کشمیریوں کی ہو گی۔
تفصیلات کے مطابق مظفر آباد میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ آج مظفر آباد میں کھلے آسمان تلے وزیراعظم پاکستان کا کشمیریوں سے خطاب ہو گا ، مودی کیا تم سری نگر میں کشمیریوں سے خطاب کر سکتے ہو ؟ نریندر مودی کرفیو اٹھاﺅ اور پھر تماشا دیکھو۔ آزاد کشمیر میں کوئی سیاسی قیدی دکھائی دے رہا ہے، نہیں؟ تو میں سوال کرتا ہوں کہ چار ہزار کشمیری جو ہمارے بیٹے، بیٹیاں اور اس قوم کے سپوت ہیں، انہیں تم نے کس قانون کے تحت پابند سلاسل کیا ہے، آج کیوں ان کو آزادی سے اپنا موقف پیش نہیں کرنے دیا جا رہا، دنیا آج یہ سوال کر رہی ہے، آج دنیا یہ سوال کرتی ہے کہ کیا وجہ ہے کہ آزاد کشمیر میں ٹیلی ویژن دیکھا جا رہا ہے، مقبوضہ کشمیر میں ٹیلی ویژن غائب ہے، آزاد کشمیر میں اخبارات چھپ رہے ہیں، مقبوضہ کشمیر میں اخبارات تک رسائی نہیں ہیے، آزاد کشمیر میں انٹرنیٹ چل رہا ہے لیکن مقبوضہ کشمیر میں انٹرنیٹ بند ہے۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں 10لاکھ بھارتی فوج کیوں تعینات کی گئی، اگر تم سمجھتے ہو کہ تمہارا موقف مضبوط ہے اور مقبوضہ کشمیر کے لوگ تمہارے ساتھ ہم آہنگ ہیں تو دنیا بھی یہ جاننا چاہتی ہے۔ ہندوستان دعویٰ کرتا ہے کہ اس کے ملک میں مذہبی آزادی ہے، آج سے چند روز قبل کیا پوری دنیا نے نہیں دیکھا کہ عاشورہ کا جلوس سری نگر میں نہیں نکل سکا، امام بارگاہوں پر فائرنگ کی گئی، عید کی نماز نہیں پڑھنے دی گئی، قربانی کی اجازت نہیں دی گئی، دنیا نے دیکھا کہ جمعہ کی اذان ہوتی ہے اور مسجدوں کو تالے لگ جاتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ کشمیر کے سفیر عمران خان نے جس طرح کشمیریوں کا علم بلند کیا ہے کشمیری ان کیساتھ ہیں۔ عمران خان کشمیریوں کی آواز اقوام متحدہ میں لے جا کر رہا ہے اور وہاں کشمیریوں کا مقدمہ پیش کیا جائے گا اور انشاءاللہ فتح کشمیریوں کی ہو گی۔