چیئر مین ایف بی آر نے ٹیکس دہندگان کی سہولت کیلئے آج سے بڑے اقدام کا اعلان کردیا
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن)چیئر مین ایف بی آر شبر زیدی نے کہاہے کہ موبائل ایپلی کیشن کا آج سے آغاز کردیا جائیگا ، عوام موبائل ایپلی کیشن سے اپنے ٹیکس ریٹرن فائل کرسکتے ہیں۔
دنیا نیوز کے پروگرام ”دنیا کامران خان کے ساتھ“میں گفتگوکرتے ہوئے چیئر مین ایف بی آر نے کہا کہ ہم کوشش کریں گے کہ اپنے ٹیکس اکٹھا کرنے کے اہداف کو حاصل کرنے کی کوشش کریں ، ٹارگٹ کو بڑا رکھنا ایک بڑی خوبی ہوتی ہے ، اگر ٹارگٹ کو تھوڑا رکھا جائے تو پھر کام کرنے کی رفتار متاثر ہوتی ہے ۔ چیئر مین ایف بی آر کا کہنا تھا کہ ہم اپنے اہداف پورے کرنے کی پوری کوشش کررہے ہیں، عوام کو ٹیکس ریٹرن فائل کرنے میں مشکلات کا سامناہے ،ریٹرن فائل کرنے کیلئے موبائل ایپلی کیشن کا آج سے آغاز کردیا جائیگا ، عوام موبائل ایپلی کیشن سے اپنے ریٹرن فائل کرسکتے ہیں۔ شبر زیدی نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ ٹیکس دہندگان میں اضافہ ہو اور لوگوں کیلئے آسانی ہو ، یہ سب چیزیں ہمارے سامنے ہیں اور ہم پر امید ہیں۔ ان کا کہناتھا کہ پاکستان میں ادائیگیوں کا توازن بہتر ہوتا جارہاہے ہے ۔