سپورٹس راؤنڈاپ 

سپورٹس راؤنڈاپ 

  

قومی کبڈی ٹیم چھٹی ایشین بیچ گیمز میں ٹائٹل کا دفاع کرے گی، رانا محمد سرور

پاکستان کبڈی فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل رانا محمد سرور نے کہا کہ ہے کہ قومی کبڈی ٹیم  چھٹی ایشین بیچ گیمز میں ٹائٹل کا دفاع کرے گی، چھٹی ایشین بیچ گیمز آئندہ برس 2 سے 10 اپریل تک چین کے شہر سانیا میں شروع ہوگی۔  ان خیالات کا اظہار انہوں نے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ کبڈی ہمارا ثقافتی کھیل ہے اور ملک میں  اس کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے اور پاکستان نے عالمی سطح کے علاوہ بین الا قوامی سطح پر بے پناہ میڈلز حاصل کر رکھے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو کبڈی کے کھیل کی ترقی کے لئے اپنا بھر پور کردار ادا کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی کھیل حکومتی اور سپانسر کی سر پرستی کے بغیر ترقی نہیں کر سکتا، اس لئے حکومت اور سپانسرز کی کھیلوں کی ترقی کے لئے سرپرستی بہت ضروری ہوتی ہے۔  ایک سوال کے جواب میں رانا سرور نے کہا کہ اس وقت ہمارا ثقافتی کھیل کبڈی ملک کے کونے کونے اور دیہاتی سطح پر کھیلا جا رہا ہے اور تعلیمی اداروں میں بھی اس کھیل کے مقابلے منعقد ہو رہے ہیں۔  ایشین بیچ گیمز کے حوالے سے کھلاڑیوں کے تربیتی کیمپ کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں رانا سرور نے بتایا کہ ایشین بیچ گیمز کے  تربیتی کیمپوں کے حوالے  وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے گذشتہ روز ایک اجلاس بلایا تھا جس میں ایشین بیچ گیمز میں شرکت کرنے والی نیشنل سپورٹس فیڈریشنز کے نمائندوں نے شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ ایشین بیچ گیمز کے لئے کھلاڑیوں کے تربیتی کیمپ اور دیگر سہولیات کے حوالے سے وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا کو نیشنل سپورٹس فیڈریشنز کے نمائندوں نے اپنی اپنی تجویزیں دیں، جس پر وفاقی وزیر نے بہت مثبت رد عمل کا اظہار کیا۔ اجلاس میں پاکستان کبڈی فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل رانا محمد سرور، پاکستان اتھلیٹکس فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل محمد ظفر، پاکستان والی بال فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل شاہ نعیم ظفر، الپائن کلب آف پاکستان کے صدر ابوظفر صادق، پاکستان ہینڈبال فیڈریشن کے صدر حاجی محمد شفیق چوہدری، پاکستان ریسلنگ فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل ارشد ستار،  پاکستان سیلنگ فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل کمانڈر محمد اکرم اور پاکستان جوجیسٹو فیڈریشن کے نمائندے تحسین اللہ نے شرکت کی۔ پاکستان سپورٹس بورڈ کے ترجمان اور ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل ٹیکنیکل  محمد اعظم ڈار نے بتایا کہ  اجلاس میں ایونٹ میں تمغے جیتنے، کیمپس لگانے، مقامات اور غیرملکی کوچز کی خدمات  حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ چھٹے ایشین بیچ گیمز میں پاکستانی دستے کو گیمز میں بھیجوانے کے حوالے سے بھی بات چیت کی گئی۔ اجلاس میں قومی دستے کو بھیجنے کی اصولی طور پر منظوری دی گئی اور جس کا فیصلہ بعد میں وزارت بین الصوبائی رابطہ، پاکستان سپورٹس بورڈ، نیشنل سپورٹس فیڈریشنز اور پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کرے گی۔

باڈی بلڈنگ کوچنگ کورس اینڈ سیمینار کی تیاریاں زور وشور سے جاری

 پاکستان باڈی بلڈنگ فیڈریشن کے زیراہتمام باڈی بلڈنگ کوچنگ کورس اینڈ سیمینار کی تیاریاں زور وشور سے جاری ہیں۔ باڈی بلڈنگ کوچنگ کورس اینڈ سیمینار 18 ستمبر کو لاہور میں ہوگا۔ پاکستان باڈی بلڈنگ فیڈریشن کے صدر شیخ فاروق اقبال نے گفتگو کرتے  بتایاکہ کوچنگ کورس اینڈ سیمینار کے سلسلہ میں تمام متعلقہ ایسوسی ایشنز اور اداروں کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کورس اور سیمینار کا مقصد کورس کے شرکا  کو تن سازی کے کھیل کے متعلق نئے، نئے  قوانین، ٹیکنیک اور انسانی جسم پر ممنوعہ ادویات کے مضر اثرات کے بارے میں آگاہی فراہم کرنا ہے۔ کورس میں شرکت کی خواہش رکھنے والے کھلاڑی اور کوچز اپنے اپنے ناموں کا اندراج پاکستان باڈی بلڈنگ فیڈریشن  کے پاس کروا سکتے ہیں۔

   ایڈم وہیٹر 2022 سیزن کے اختتام تک ایسیکس کی نمائندگی کریں گے 

 ایڈم وہیٹر نے ایسیکس کے ساتھ معاہدے میں توسیع پر دستخط کر دیئے ہیں اور اب وہ نئے معاہدے کے تحت 2022 سیزن کے اختتام تک ایسیکس کی نمائندگی کریں گے۔ وکٹ کیپر بیٹسمین 2016 میں ہیمپشائر سے ایسیکس میں واپسی کی تھی۔ ایڈم وہیٹر کی موجودگی میں ایسیکس کلب نے گزشتہ تین سالوں میں دو کاؤنٹی چیمپئن شپ اور ٹی 20 بلاسٹ کا ٹائٹل اپنے نام کیا۔ ایڈم وہیٹر اب تک باب ولس ٹرافی میں ایسیکس کے لئے بیٹنگ میں 50.20 کی اوسط کے ساتھ نمایاں ہیں اور ایڈم نے رواں ہفتہ کے شروع میں مڈل ایسیکس کے خلاف میچ میں 83 رنز بنائے تھے۔ ایسیکس کے ہیڈ کوچ انتھونی میک گراتھ نے کہا ہے کہ ایڈم وہیٹر ایک تجربہ کار اور باصلاحیت کھلاڑی ہیں جن کی اسٹمپس کے پیچھے اور بلے بازی دونوں شعبوں میں کارکردگی  مستقل ہے۔ انتھونی میک گراتھ نے مزید کہا کہ  ایڈم کی حیثیت ایسیکس کلب ڈریسنگ روم میں ایک اہم کھلاڑی کی ہے اور وہ ہمیشہ ٹیم فتوحات کے لئے کوشاں رہتا ہے لہذا مجھے ایڈم کی ایسیکس کے معاہدے میں توسیع پر واقعی بہت خوشی ہوئی ہے۔

سرینا ولیمز یو ایس اوپن ٹینس ویمنز سنگلز سیمی فائنل میں اپ سیٹ شکست کے بعد باہر

امریکہ کی بین الاقوامی شہرہ آفاق ٹینس سٹار، چھ بار کی یو ایس اوپن چیمپئن اور سابق عالمی نمبر ایک سرینا ولیمز رواں سال کے دوسرے گرینڈ سلام یو ایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ ویمنز سنگلز کے سیمی فائنل میں اپ سیٹ شکست کے بعد میگا ایونٹ سے باہر ہوگئیں۔ بیلا روس کی وکٹوریہ آزارینکا نے سرینا ولیمز کو سیمی فائنل میں شکست دیکر 2013 کے بعد کسی میگا ایونٹ کا فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کرلیا۔ امریکہ کے شہر نیویارک سٹی میں یو ایس ٹی اے بلی جین کنگ نیشنل ٹینس سینٹر میں کھیلے جارہے میگا ایونٹ کے ویمنز سنگلز سیمی فائنل میچ میں بیلا روس کی وکٹوریہ آزارینکا کا مقابلہ میزبان تھرڈ سیڈ کھلاڑی سرینا ولیمزسے تھا جس میں وکٹوریہ آزارینکا نے سرینا ولیمز کے ہاتھوں پہلے سیٹ میں 1-6 کی شکست  کے باوجود  اگلے سیدھے سیٹس میں  6-3 اور 6-3 سے انہیں اپ سیٹ شکست دیکر فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا۔ دونوں کھلاڑیوں کے درمیان سیمی فائنل میچ 1 گھنٹے اور 56 منٹس تک جاری رہا۔ اس ناکامی کے بعد 38 سالہ سرینا ولیمز کو آسٹریلین ٹینس سٹار مارگریٹ کورٹ کے 24 ویمنز سنگلز گرینڈ سلام ٹائٹل جیتنے کا ریکارڈ برابرکرنے کے لئے فرنچ اوپن کا انتظار کرنا پڑے گا۔ 

کرسٹیانو رونالڈو نے انٹرنیشنل گولز کی سنچری مکمل کر لی

پرتگال کے اسٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے ایک اور اعزاز اپنے نام کرلیا، انٹرنیشنل گولز کی سنچری مکمل کر لی۔ وہ یہ اعزاز حاصل کرنے والے دنیا کے دوسرے فٹبالر بن گئے، یوئیفا نیشنز لیگ میں پرتگال نے سوئیڈن کو دو گول سے ہرا دیا، دونوں گول رونالڈو نے اسکور کیے۔سوئیڈن کے خلاف میچ میں پرتگال کے کپتان نے 45ویں منٹ میں فری کک لگائی اور گیند کو جال میں پہنچا کرانٹرنیشنل گولز کی سنچری مکمل کر لی۔رونالڈو یہ اعزاز حاصل کرنے والے دنیا کے دوسرے فٹبالر بن گئے، ایران کے لیجنڈ فٹبالر علی داعی 109 گولز کے ساتھ پہلے نمبر پر ہیں۔دوسرے ہاف میں بھی سوئیڈن کی دفاعی لائن رونالڈو کو روکنے میں ناکام رہی۔ 72ویں منٹ میں رونالڈو نے ایک اور گول داغ دیا۔میچ میں پرتگال نے سوئیڈن کے خلاف دو۔صفر سے کامیابی حاصل کی۔رونالڈو کو سب سے زیادہ گولز کا ریکارڈ توڑنے کیلیے مزید 9 گولز درکار ہیں، ایران کے علی داعی نے 149 میچز میں 109 گولزاسکور کیے تھے۔یووینٹس سے کھیلنے والے کرسٹیانورونالڈو کے مجموعی گولز کی تعداد بھی 749 ہو گئی ہے۔

مزید :

ایڈیشن 1 -