پنجاب میں سوا 53ارب روپے کے ”نئی زندگی“اور ”ہیومن کیپٹل انوسٹمنٹ پراجیکٹ“کا آغاز
لاہور(جنرل رپورٹر)پنجاب سوشل پروٹیکشن اتھارٹی کے زیر اہتمام پنجاب احساس پروگرام کے تحت صوبے میں سوا 53ارب روپے کے ”نئی زندگی“اور”ہیومن کیپٹل انوسٹمنٹ پراجیکٹ“ کاآغازکر دیا گیاہے، وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے وزیراعلیٰ آفس میں منعقدہ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پنجاب احساس پروگرام کے تحت ”نئی زندگی“ اور”پنجاب ہیومن کیپٹل انوسٹمنٹ پراجیکٹ“کا اجراء بے حد اہمیت کاحامل ہے اورپنجاب احساس پروگرام ریاست مدینہ کے خواب کی عملی تعبیر کیلئے پہلا قدم ہے-احساس ہی انسانیت ہے اور انسانیت ہمیں ریاست مدینہ کی طرز پر فلاحی ریاست کے قیام کی ضرورت کااحساس دلاتی ہے جہاں ہر فرد کو بلاامتیاز تمام ترسہولیات میسر ہوں اورنادار،مظلوم اورمستحق طبقے کی دادرسی ہو-انہوں نے کہاکہ ہم نے فلاحی ریاست کے تصور کو عملی شکل دینے کے لئے آج پنجاب احساس پروگرام کا اجراء کیا ہے- ماضی میں جائز حقوق سے محروم طبقات کے احساسات کومجروح اورضروریات کونظرانداز کیا جاتارہا۔محروم طبقات کے مساوی حقوق اورضروریات کی ادائیگی اور معاشرے میں ان کی سربلندی کا وقت آگیا ہے-”نئی زندگی“پروگرام کے تحت تیزاب گردی کاشکار مردو خواتین کا علاج اور بحالی شامل ہے- تیزاب گردی کے شکارافرادکے سماجی حقوق کا تحفظ کیاجائے گا اورانہیں باوقار زندگی کے مواقع فراہم کئے جائیں گے- تیزاب سے متاثرہ افراد کا سرکاری خرچ پر مکمل علاج کرایا جائے گا- لاہور کے جناح اور میوہسپتال،بہاولپور وکٹوریہ ہسپتال،ملتان نشترہسپتال،فیصل آباد الائیڈ ہسپتال اورراولپنڈی ہولی فیملی ہسپتال میں جدید ترین برن یونٹ قائم ہو چکے ہیں -متاثرہ افراد کے لئے ہنر مندی اور خودروزگارکیلئے بلاسود قرضوں کا اہتمام کیا جائے گا- تیزاب گردی کا شکارہونے والے افراد مکمل طور پر ریاست کی ذمہ داری ہوں گے او رحکومت ان کا مکمل علاج کرائے گی-ابتدائی طورپر نئی زندگی پروگرام کیلئے 20کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں -انہوں نے کہاکہ پنجاب ہیومن کیپٹل انوسٹمنٹ پراجیکٹ اپنی نوعیت کا بہترین اورمنفرد منصوبہ ہے- پنجاب کے 11پسماندہ اضلاع میں عوام کو صحت اور تعلیم کی بہترین سہولتیں اور معاشی ترقی کے مواقع دیں گے- پہلے مرحلے میں مظفرگڑھ اور بہاولپور، دوسرے مرحلے میں راجن پور، ڈی جی خان، رحیم یار خان، بھکر اور میانوالی میں پراجیکٹ شروع ہو گا- تیسرے مرحلے میں بہاولنگر، لودھراں، لیہ اور خوشاب میں ہیومن کیپٹل انوسٹمنٹ پراجیکٹ کا آغاز کیا جائے گا- پنجاب میں 166بنیاد ی مراکز صحت کی اپ گریڈیشن کی جائے گی-17 بنیادی مراکزصحت کوبی ایچ یو پلس اپ گریڈکیاجائے گا-OTPS166مراکزقائم ہوں گے- مراکز صحت میں 24 گھنٹے ہیلتھ سروسز کیلئے 1148 اضافی سٹاف ممبرزتعینات ہوں گے- 669مراکز صحت میں الیکٹرانک میڈیکل ریکارڈEMR شروع کیاجائے گا-5 لاکھ 64 ہزار افراد کے لئے مشروط کیش ٹرانسفر پروگرام کا آغاز کیا جارہاہے -انہوں نے کہاکہ نادار خواتین کو بچوں کے پیدائش کے دو سال بعد تک 16 ہزار روپے مالی امداد دی جائے گی- پنجاب سوشل پروٹیکشن اتھارٹی کے چیئرپرسن علی اسجد ملہی نے ”نئی زندگی“اور”پنجاب ہیومن کیپٹل انوسٹمنٹ پراجیکٹ“ کی غرض و غائیت پر روشنی ڈالی اورکہاکہ پنجاب پہلا صوبہ ہے جہاں پر سوشل پروٹیکشن کیلئے اربو ں روپے کا پراجیکٹ شروع کیاگیاہے-تحریک انصاف کی حکومت کا منشور لوگوں پر سرمایہ کاری کرناہے اور آج پنجاب کی تاریخ کا سب سے بڑا سماجی تحفظ کا پروگرام کا آغاز ہواہے-باہمت بزرگ پروگرام کے تحت 65برس سے زائد عمر کے مرد وخواتین او رخواجہ سراؤں کو مالی امداد دی جائے گی-صوبائی وزراء راجہ بشارت،مراد راس، فیاض الحسن چوہان،اراکین اسمبلی مسرت جمشید چیمہ، آسیہ امجد، عبداللہ وڑائچ،محمد شفیع، چیف سیکرٹری، چیئرمین پی اینڈ ڈی، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ اورمتعلقہ حکام نے تقریب میں شرکت کی- سردار عثمان بزدار سے سندس فاؤنڈیشن کے صدر محمد یاسین خان نے ملاقات کی،جس میں تھیلیسیمیااور ہیموفیلیا کے مریض بچوں کے علاج معالجے کے لئے کئے گئے اقدامات پر گفتگوہوئی-وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہاکہ دکھی انسانیت کی خدمت بڑی عبادت کا درجہ رکھتی ہے۔دوسروں کا دکھ بانٹنے والے دین اوردنیا دونوں کمارہے ہیں۔ دکھی انسانیت کی خدمت میں مصروف ادارے لائق ستائش کام کررہے ہیں۔
عثمان بزدار