ملک میں منشیات کے بڑے مافیا، 11ہزار ملین ڈالرز منشیات پر خرچ ہورہے ہیں: اعظم سواتی 

ملک میں منشیات کے بڑے مافیا، 11ہزار ملین ڈالرز منشیات پر خرچ ہورہے ہیں: اعظم ...

  

پشاور(سٹاف رپورٹر)اے پی پی) وفاقی وزیربرائے انسداد منشیات اعظم خان سواتی نے کہا ہے کہ پاک چین دوستی مضبوط تعلقات پر استوار ہے، وزیر اعظم عمران خان نے اس کو آگے بڑھایا، ملک میں منشیات کے بڑے مافیا ہیں،بدقسمتی سے پاکستان دنیا میں ڈرگ سمگل کرنے والوں کی فہرست میں دوسرے نمبر پر ہے، اس کی روک تھام کیلئے طور خم بارڈر پر نارکوٹکس چوکی قائم کی ہے جہاں 4 جوانوں نے بھی شہادت پائی، سپریم کورٹ میں بھی بڑے سمگلروں کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے، 11 ہزار ملین ڈالر منشیات پر خرچ ہو رہے ہیں، بینچ اور بار کا انصاف کی فراہمی میں اہم کردار ہے، اٹارنی جنرل پاکستان کو ملاقات میں پیغام دیا، چیف جسٹس گلزار خان نے سمگلرز کے مقدمات نمٹانے کیلئے پانچ ججز پر مشتمل بینچ تشکیل دیا ہے، انسانیت کے دشمنوں کو سلاخوں کے پیچھے لائیں گے۔ان خیالات کااظہارانہوں نے ایبٹ آباد ڈسٹرکٹ بار میں 50 خواتین وکلا میں لیب ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کر تے ہوئے کیا۔ تقریب سے پاکستان میں چین کے سفیر ژاؤ جنگ اور صدر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن میجر (ر) جہانگیر الہی ایڈووکیٹ نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ بار کے جنرل سیکرٹری سرفراز خان ایڈووکیٹ، سینئرز مرد و خواتین وکلا کی بڑی تعداد موجود تھی۔ وفاقی وزیر اعظم خان سواتی نے کہا کہ پاک چین دوستی فولاد کی طرح مضبوط تر ہے، اس کی بہترین مثال کشمیر تنازعہ پر چین کی جانب سے سفارتی سطح پر مکمل حمایت تھی، برادر اسلامی ممالک نے اس معاملہ میں لچک دکھائی تاہم چین نے اس معاملہ میں سنجیدہ پل کا کردار نبھایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ منشیات کی لعنت سے چھٹکارہ کیلئے حکومتی سطح پر موثر اقدامات اٹھائے گئے ہیں، سپریم کورٹ نے بھی 2250 بڑے سمگلرز کے مقدمات نمٹانے کیلئے بینچ قائم کیا ہے، وکلا کی جانب سے بھی منشیات کے سدباب میں کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔ اس موقع پر پاکستان میں چین کے سفیر ژاو جنگ نے کہا کہ ہزارہ ایکسپریس وے چائنہ کا گیٹ وے ہے، اس کے ذریعہ سنٹرل ایشیا اور دنیا میں تجارت ہو رہی ہے، اسی کے پیش نظر چین ہزارہ کے ترقیاتی منصوبوں میں گہری دلچسپی لے رہا ہے، ہری پور ایبٹ آباد میں مختلف منصوبوں پر کام جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کا ڈسٹرکٹ بار ایبٹ آباد کا یہ پہلا دورہ ہے جس میں انتہائی مسرت حاصل ہوئی، چین پاکستان کے تمام شعبوں میں ترقی کاخواہاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قراقرم ہائی وے کے دوسرے فیز کی تکمیل سے تجارت اور معیشت پر گہرے اثرات مرتب ہوں گے اور پاکستان کی معیشت بھی بہتر ہو گی، اس حوالہ سے نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے کیلئے ایبٹ آباد میں چائنیز زبان کو سکھانے کی اکیڈمی بھی بنائیں گے، پاکستانی قوم کی محنت اور دیانت دونوں ممالک کے تعلقات کو مضبوط بنائے گی، پاک چائنہ کاریڈور دونوں ممالک کے باہمی مضبوط تعلقات کی مثال ہے۔ صدر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن میجر (ر) جہانگیر الہی ایڈووکیٹ نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاک چین دوستی ہمالیہ سے بھی اونچی ہے، لیب ٹاپ کی تقسیم خواتین وکلا کو جدید ٹیکنالوجی سے مستفید کرانا ہے، چینی حکومت کی جانب سے خواتین وکلا کو لیب ٹاپ کی فراہمی پر شکریہ ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ لیپ ٹاپ منصوبہ میں تمام وکلا کو شامل کیا جائے۔ تقریب میں خواتین وکلا رابعہ سلطانہ، ساجدہ مسعود، نورین سلطان، شازیہ جوزف، امبر مقصود، ہما امین اور دیگر میں وفاقی وزیر اعظم خان سواتی اور ژاؤ جنگ، صدر ڈسٹرکٹ بار جہانگیر الہی ایڈووکیٹ نے لیب ٹاپ تقسیم کئے۔ ڈسٹرکٹ بار کے صدر کی جانب سے وفاقی وزیر اعظم خان سواتی اور چینی سفیر ژاؤ جنگ کو خصوصی شیلڈز دی گئیں۔ صدر پریس کلب محمد عامر شہزاد جدون، جنرل سیکرٹری اے یو جے محمد اقبال ساغر، فنانس سیکرٹری دلدار احمد ستی نے چینی سفیر اور وفاقی وزیر کو پریس کلب کا خصوصی میگزین بھی پیش کیا۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -