ڈیرہ،محرم الحرام کے پر امن  انعقاد پر افسران کو نقد انعامات

ڈیرہ،محرم الحرام کے پر امن  انعقاد پر افسران کو نقد انعامات

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 
ڈیرہ اسماعیل خان(بیورورپورٹ)ضلعی پولیس آفس ڈیرہ اسماعیل خان میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ڈیرہ کیپٹن (ر) حافظ واحد محمود کی زیر صدارت کرائم اجلاس کا انعقاد کیاگیا۔جس میں ڈی پی او ڈیرہ نے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں محرم الحرام کے پرامن انعقاد کے سلسلے میں تمام افسران کو ویلڈن اور نقد انعامات سے نوازا۔انہوں نے اجلاس کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پولیس معاشرے میں درپیش چیلنجزسے نمٹنے کیلئے ہمہ وقت تیار رہیں۔ نیشنل ایکشن پلان کی عملداری، کانٹر کرائم، قیام امن، خدمت عامہ کے عوامل، انتظامی امور میں پولیس کی استعداد کار بڑھانے اور فورس کے جوانوں کی ویلفیئر کیلئے جامع اقدام اٹھانے کے حوالے سے اہم فیصلے کئے گئے۔ اجلاس میں ایڈیشنل ایس پی،ایس پی انوسٹی گیشن اورسب ڈویژنل پولیس آفیسران بھی موجود تھے۔ اجلاس میں ضلع بھر میں امن و امان کی مجموعی صورتحال، جرائم کی شرح، پولیس کی استعداد کار اور تھانوں میں درج مقدمات کی تفتیشی امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس سلسلے میں جامع حکمت عملی طے کر لی گئی ہے۔ اجلاس میں خدمت عامہ اور لوگوں کی داد رسی کیلئے قائم پولیس اسسٹنز لائن، پولیس ایکسس سروسز اور DRCکی کارکردگی پر باہمی تبادلہ خیال کیا گیا اور عدالتوں میں زیر سماعت مقدمات کی تفتیش میں ہونے والی پیش رفت پر سیر حاصل بحث کی گئی اجلاس کے دوران ضلع میں امن و امان کی صورتحال اور انسداد جرائم کی شرح کو اطمینان بخش قرار دیا گیا۔اجلاس میں بتایا گیا کہ شہریوں کے تحفظ اور حکومتی رٹ کو یقینی بنانے کیلئے نیشنل ایکشن پلان کے تمام نکات کو اس کی اصل رو ح کے مطابق عملی جامع پہنایا جائے اور مجرمانہ سرگرمیوں کے سد باب کیلئے سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشنز کو مزید موثر بنایا جائے۔ تھانوں کی سطح پر مطلوب اشتہاریوں اور مشکوک مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث افراد کی از سر نو فہرستیں مرتب کر کے ان کی سرکوبی کیلئے بھر پور ایکشن لیا جائے۔ امن و امان برقرار رکھنے کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائیں۔ اجلاس کے شرکا پر زور دیا گیا کہ حساس و آسانی سے حدف بننے والے مقامات کی سکیورٹی آڈٹ یقینی بنائیں اور کسی بھی غیر یقینی صورتحال کے پیش نظر مربوط انٹیلی جنس نظام کے تحت دیگرسیکیورٹی و انتظامی اداروں اور عوام کے ساتھ قریبی روابط استوار کئے جائیں۔ قانون و انصاف اور میرٹ کی بالا دستی کو ہر صورت مقدم رکھتے ہوئے جرائم کی منظم بیخ کنی کو یقینی بنایا جائے گا اور تھانوں میں آنے والے سائلین خصوصا مظلوموں کی داد رسی اور انہیں انصاف کی فراہمی میں کوئی کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائیگی۔ ڈی پی او ڈیرہ نے پولیس کو ہدایت کی کہ وہ فیلڈ میں خود جا کر عوامی مسائل سے آگاہی حاصل کرنے کیلئے زیادہ سے زیادہ کھلی کچہریوں کا انعقاد کریں اور علاقائی امن معاشرتی جرائم کے بہتر تدارک کیلئے مقامی عمائدین، منتخب عوامی نمائندے، علمائے کرام اور مساجد کے آئمہ کیساتھ ملکر پیشہ ورانہ فرائض مثر انداز میں ادا کریں۔ انہوں نے پولیس آفیسران کو مزید ہدایت کی کہ وہ اپنے علاقہ اختیار کی حدود کے اندر واقع مساجد و مدارس، امام بارگاہوں اور اقلیتوں کی عبادتگاہوں سمیت تمام حساس مقاما ت کی سیکیورٹی عوامل کا بذات خود جائزہ لیکر مقامات کے تحفظ کیلئے فول پروف حفاظتی اقدامات اٹھائیں اور مختلف پراجیکٹس پر کام کرنیوالے غیر ملکیوں کی حفاظت و نگرانی کیلئے وضع کردہ جامع ایس او پیزپر موثر عملدارآمدکو یقینی بنائیں۔