تعلیم کا فروغ اولین ترجیح ہے،ڈاکٹر امجد علی 

تعلیم کا فروغ اولین ترجیح ہے،ڈاکٹر امجد علی 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 
پشاور(سٹاف رپورٹر)خیبرپختونخوا کے وزیر ہاؤسنگ ڈاکٹر امجد علی نے کہا ہے کہ صوبے میں تعلیم کا فروغ موجودہ حکومت کی ترجیحات میں سرفہرست ہے، بچوں کو بہترین تعلیمی ماحول فراہم کرنے کے لئے حکومت کی جانب سے تمام تر دستیاب وسائل کو استعمال کیا جارہا ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار شموزئی سوات میں لڑکیوں کے سکول کے افتتاح کے موقع پر کیا۔ ڈاکٹر امجدعلی کا کہنا تھا کہ ان کی کوشش ہے کہ زیادہ سے زیادہ بچیاں زیور تعلیم سے آراستہ ہوں۔ تعلیم کے فروغ کے لئے نئے سکول بن رہے ہیں اور پہلے سے موجود سکولوں میں تمام تر جدید سہولیات کی فراہمی ممکن بنائی جارہی ہے۔ صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ صوبے کی تاریخ میں پہلی بار صوبائی حکومت نے ریکارڈ تعداد میں اساتذہ بھرتی کئے اور یہ سلسلہ تاحال جاری ہے۔ اساتذہ کے بچوں کو بہتر طریقے سے پڑھائی ممکن بنانے کے لئے وقتا فوقتا ٹرینگز کا انعقاد بھی کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم کسی بھی قوم کی ترقی میں نہایت اہم کردار ادا کرتی ہے، علم سے روشنی پھیلتی ہے اور ایک صحت معاشرہ قائم ہوتا ہے۔