پشاور، اوور لوڈنگ اور ٹریفک خلاف ورزیوں پر 266گاڑیوں کا چالان
پشاور(کرائم رپورٹر)سٹی ٹریفک پولیس پشاور نے اوور لوڈنگ پر گزشتہ ہفتے 266 ٹرانسپورٹروں کا چالان کیا۔ تفصیلات کے مطابق ایس ایس پی ٹریفک وسیم احمد خلیل کی ہدایت پر سٹی ٹریفک پولیس پشاور کے افسران اور اہلکاروں کی جانب سے پشاور کے تمام سیکٹروں میں ناکہ بندیاں کی گئیں ناکہ بندیوں پر سٹی ٹریفک پولیس پشاور نے گاڑیوں میں مقررہ مقدار سے زیادہ سامان لوڈ کرنے پر 266 افراد کیخلاف کارروائیاں عمل میں لائیں۔ ایس ایس پی ٹریفک نے کہا ہے کہ اوور لوڈنگ کے باعث سڑکوں کو نقصان پہنچتا ہے جبکہ کسی بھی وقت اوور لوڈ گاڑی حادثے کا سبب بننے سمیت قیمتی جانوں کے ضیاع کا بھی باعث بنتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ قانونا اوور لوڈ گاڑیوں پر پابندی عائد ہے جس کی خلاف ورزی کرنیوالوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے جبکہ اس سلسلے میں کسی کے ساتھ کوئی نرمی نہیں برتی جائیگی۔ انہوں نے ٹریفک پولیس کے افسران اور اہلکاروں کو ہدایت کی کہ وہ اوور لوڈ گاڑیوں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائیں۔
