ڈسٹرکٹ کمرشل کورٹ ججز کی ورکشاپ کی اختتامی تقریب کا انعقاد

ڈسٹرکٹ کمرشل کورٹ ججز کی ورکشاپ کی اختتامی تقریب کا انعقاد

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور (پ ر)پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ، حکومت پنجاب کی جانب سے لاہور ہائی کورٹ اور پنجاب جوڈیشل اکیڈمی کے اشتراک سے ڈسٹرکٹ کمرشل کورٹ ججز کے لیے 6روزہ تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا جس کے لیے ورلڈ بینک اور آئی ایف سی گروپ نے معاونت فراہم کی۔ لاہور ہائی کورٹ نے لاہور، فیصل آباد، ملتان، گوجرانوالہ اور راولپنڈی میں کمرشل کیسز کی فوری سماعت اور فیصلے کے لیے 7مخصوص جج تعینات کئے ہیں۔ ایز آف ڈوئنگ بزنس ریفارم ایکشن پلان کے تحت، حکومت پنجاب، پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ اور تمام متعلقہ صوبائی محکموں کے اشتراک سے،لاہور ہائی کورٹ کی جانب سے اٹھایا جانے والا ملکی تاریخ میں اپنی نوعیت کا یہ پہلا قدم ہے جو کاروباری افراد کی سہولت اور سرمایہ کاروں کے اعتماد کی بحالی کے لیے ہے۔ تربیتی سیشنز میں لاہور ہائی کورٹ کے فاضل ججز، ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ کے نامور وکلاء اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے ماہرین نے شرکت کی۔ جسٹس شاہد کریم اور جسٹس جواد حسن کی زیر نگرانی، تمام سٹیک ہولڈرز کی وسیع ترمشاورت سے ٹریننگ ماڈیولز کی تیاری عمل میں لائی گئی۔ تربیتی ورکشاپ کی افتتاحی تقریب 07ستمبر 2020کو منعقد ہوئی جس میں لاہور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس، جسٹس محمد قاسم خان بطور مہمان خصوصی شریک ہوئے جبکہ11ستمبر 2020کو منعقدہ اختتامی تقریب میں چیف جسٹس سپریم کورٹ آف پاکستان،جناب جسٹس گلزاراحمد بطور مہمان خصوصی رونق افروز ہوئے۔


 اختتامی تقریب میں لاہور ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ آف پاکستان کے سینئر ججز، چیف سیکرٹری پنجاب جواد رفیق ملک، آئی جی پنجاب انعام غنی، چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈحامد یعقوب شیخ، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو بابر حیات تارڑ، سیکرٹری آئی اینڈ سی، وقاص علی محمود، کمشنر لاہور اور پروگرام ڈائریکٹر، پی آئی یو، علی جلال سمیت معروف کاروباری افراد، وکلاء اور تعلیمی ماہرین نے شرکت کی۔  

مزید :

کامرس -