ڈینگی کے لاروے کی تلفی کیلئے بھرپور اقدامات کر رہے ہیں 

 ڈینگی کے لاروے کی تلفی کیلئے بھرپور اقدامات کر رہے ہیں 

  

لاہور(سٹی رپورٹر) ترجمان محکمہ زراعت پنجاب نے بتایا ہے کہ محکمہ زراعت ڈینگی کے لاروے کی تلفی کیلئے بھرپور اقدامات کر رہا ہے۔ اس ضمن میں حکومت پنجاب کے جاری کردہ احکامات کی روشنی میں محکمہ زراعت پنجاب کے شعبہ مارکیٹنگ سمیت دیگرتمام ذیلی شعبوں کا عملہ ہفتے کے روز بھی اپنے دفاتر میں حاضر رہا۔ ڈینگی وباء  کے متعلق عوامی شعور اْجاگر کرنے کے لئے واک کا اہتمام کیا گیا اور اس کے علاوہ  دفاتر میں صفائی ستھرائی اور جمع شدہ پانی کی تلفی کے ساتھ مچھروں کے کنٹرول کے لئے سپرے کا انتظام کیا گیا۔ ترجمان محکمہ زراعت پنجاب نے مزید بتایا کہ ڈینگی بخار ایک خاص قسم کے مچھر کے کاٹنے کی وجہ سے ہوتا ہے۔ ڈینگی مچھر کی افزائش روکنے اور اس سے تحفظ کیلئے عوام اپنے اردگرد کے ماحول کو صاف رکھیں۔فالتو اشیاء اور کوڑا کرکٹ احتیاط سے ٹھکانے لگائیں۔گملوں اور پرانے ٹائروں و دیگر ایسی اشیاء  میں پانی جمع ہونے نہ دیں۔تازہ پانی کا استعمال کریں اور پانی دیر تک ذخیرہ نہ ہونے دیں۔

اپنے گھروں،دفاتر،گودام،کچن اور بیڈروم کی صفائی یقینی بنائیں۔ خاص طور پر اپنے اے سی سے نکلنے والا پانی احتیاط سے ٹھکانے لگائیں۔پانی کی ٹینکی،ڈرم،گھڑا وغیرہ اچھی طرح ڈھانپ کر رکھیں۔گھروں کی چھتوں پر نالوں میں خشک پتوں اور گھاس کو اچھی طرح صاف کر لیں۔گھروں کے اندر مچھر مار سپرے کروائیں۔مچھر زیادہ ہوں تو کوائل،میٹ یا مچھر بھگاؤ لوشن استعمال کریں۔عوام ڈینگی کے لاروے کی تلفی کو قومی فریضہ گردانتے ہوئے جنگی بنیادوں پر اقدامات کریں تاکہ آنے والے دنوں میں اس وباء سے تحفظ مل سکے اور اس وباء سے مکمل طور پرمحفوظ رہا جاسکے جو وقت کی اہم ضرورت ہے۔ 

مزید :

کامرس -