وزراء اور پڑھے لکھے لوگوں کا مجرموں کو سرعام پھانسی کا مطالبہ ہمارے معاشرے کی۔۔۔۔۔ فواد چوہدری نے ایک بار پھر نیا تنازعہ کھڑا کردیا
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن) وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ وزراء اور پڑھے لکھے طبقات کا سرعام پھانسی کا مطالبہ کرنا ہمارے معاشرے کی متشدد سوچ کا عکاس ہے۔
تفصیلات کے مطابق مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ پر اپنی ٹویٹ میں وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ زندہ جلا دیں، سرعام پھانسی دے دیں، جسمانی اعضا کاٹ دیں، عوام کی جانب سے ایسا ردعمل آنا تو سمجھ آتا ہے لیکن ہمارے وزراء اور پڑھے لکھے طبقات کی جانب سے بغیر کسی ہچکچاہٹ کے ایسی باتیں کرنا ہمارے معاشرے کی متشدد سوچ کا عکاس ہے، جو تشدد کو ہر مسئلے کا حل سمجھتی ہے۔
واضح رہے کہ لاہور موٹر وے پر خاتون کے ساتھ پیش آنے والے جنسی زیادتی کے واقعے پر عوام سمیت حکومتی وزرا میں بھی غم و غصے کی لہر دوڑ گئی تھی اور متعدد حکومتی شخصیات نے زیادتی کے مجرمان کو سرعام پھانسی دینے کا مطالبہ کیا تھا۔