ہمارے وزیر اعظم عقل سے عاری ، زیادتی کا نشانہ بننے والی خاتون کا تمسخر اڑانے والے پولیس آفیسر کے ۔۔۔۔ خواجہ آصف نے دبنگ بیان جاری کردیا
سیالکوٹ(ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما وسابق وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف نےکہاہے کہ وزیر اعظم عمران خان عقل سے عاری ہیں، خاتون کا تمسخر اڑانے والے پولیس آفیسر کے دفاع میں وزیراعظم بیان دے ر ہے ہیں،سی سی پی او لاہور نے اپنا آئی جی تبدیل کروادیا ۔
اپنی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ آصف نےکہا کہ ریپ اور جنسی زیادتی کےواقعات پورے ملک میں ہو رہے ہیں جس سے یہ بات ثابت ہوتی ہے کہ ہمارے معاشرے پر اخلاقی طور پر زوال آ چکا ہے اور اخلاقی و اقداربری طرح پامال ہو چکی ہیں،اس زوال کی رفتار گذشتہ دو سالوں میں بہت تیز ہو چکی ہے،سی سی پی او نے متاثرہ خاتون کو ملزم بنانے کی کوشش کی، یہ پولیس کے لئے بھی باعث شرم ہے کہ ان کا آفیسر کیسی بات کر رہا ہے؟۔انہوں نے کہا کہ ہمارا وزیر اعظم عقل سے عاری ہے، خاتون کا تمسخر اڑانے والے پولیس آفیسر کے دفاع میں وزیر اعظم بیان دے رہا ہے،حکومت کو یہ ہی سمجھ نہیں آرہی کہ کون سا پولیس آفیسر پنجاب کو ٹھیک طریقے سے چلائے گا ؟جو حکمران یہ فیصلہ نہ کر سکیں ان کا حق حکمرانی بھی ختم ہو جاتا ہے،سزا اور جزا کا تصور ختم ہو جائے تو معاشرے کا زندہ رہنے کا جواز بھی ختم ہو جا تا ہے،یہاں تو سزا بھی سلیکٹو طور پر ملتی ہے ،ہمارے یہاں لوگوں کے گریبانوں پر ہاتھ بھی سلیکٹو طور پر پہنچتے ہیں،یہاں پر با رسوخ لوگ جن کے وسائل ہیں قانون ان کے لئے کوئی حیثیت نہیں رکھتا ۔
خواجہ آصف کا کہنا تھاکہ قومی اسمبلی میں موٹروے واقعہ کے لئے آواز اٹھائی جائے گی اور مسلم لیگ ن اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی،اس واقعہ پر بحث ہو تاکہ جن لوگوں نے ہمیں ووٹ دے کر منتخب کیا ہے ہم ان کے مسائل کو نیشنل فورم پر بلند کریں گے۔ خواجہ محمد آصف نے کہا کہ مہنگائی آسمان سے باتیں کر رہی ہے، غریب کا جینا دو بھر ہو گیا ہے،یہ صورتحال زیادہ دیر نہیں چل سکتی،پوری قوم محسوس کر رہی ہے کہ 2018 میں ہونے والا فیصلہ غلط تھا ،ملک میں فوری طور پر شفاف الیکشن ہونے چاہیں۔حمزہ شہباز کے بارے خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ انہیں کرونا کی تشخیص ہوئی ہے جنہیں فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا جائے۔