موٹر وے کیس ،جماعت اسلامی بھی میدان میں آگئی ،وزیراعلیٰ پنجاب کے گھر کے باہر دھرنا دینے کا اعلان کردیا 

موٹر وے کیس ،جماعت اسلامی بھی میدان میں آگئی ،وزیراعلیٰ پنجاب کے گھر کے باہر ...
موٹر وے کیس ،جماعت اسلامی بھی میدان میں آگئی ،وزیراعلیٰ پنجاب کے گھر کے باہر دھرنا دینے کا اعلان کردیا 

  

لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)     امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ اب یہ حکومت زیادہ دیر چلنے والی نہیں،جس حکومت کے دور میں معصوم بچیوں ،ماؤں بہنوں اوربیٹیوں کی عزتیں محفوظ نہ رہیں اللہ تعالیٰ بھی اسے زیادہ مہلت نہیں دیتا ،موٹروے پر خاتون سے زیادتی یہ پہلا واقعہ نہیں ،یہ ملک بھر میں ہونے والے واقعات کا تسلسل ہے لیکن حکومت سوئی ہوئی ہے،جماعت اسلامی ان واقعات پر خاموش نہیں رہ سکتی ،اب اس ظلم و جبر اور استحصال کے نظام کو ختم ہونا ہے،جماعت اسلامی 12ربیع الاول کے مبارک دن سے ملک میں نظام مصطفی ﷺکے نفاذ اور سود کے خاتمہ کی تحریک شروع کرے گی جبکہ موٹروے واقعہ کے خلاف 17ستمبر کو وزیر اعلیٰ ہاؤس پنجاب کے سامنے دھرنا دیا جائے گا ۔

منصورہ میں منعقدہ سیاسی ،انتخابی اور تربیتی ورکشاپ کے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر سراج الحق نے کارکنوں کو بلدیاتی انتخابات کے ساتھ ساتھ جنرل الیکشن کی تیاری کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت کی پشت سے سہارادینے والے ہاتھ پیچھے ہٹتے ہی یہ حکومت کسی خستہ عمارت کی طرح دھڑام سے زمین بوس ہو جائے گی،ایوب خان نے بھٹو ،ضیا ءالحق نے نواز شریف اور جنرل پاشا نے عمران خان کو لیڈر بنایا ،یہ کسی نظریے ، اہلیت یا عوامی حمایت کی بنا پر لیڈر نہیں بنے،فوجی گملوں میں پھلنے پھولنے والے ملک کے نظریے اور جغرافیے کی حفاظت نہیں کرسکے،بھٹو نے آدھا پاکستان گنوایا اور موجودہ حکومت کے دور میں کشمیرپاکستان کے ہاتھ سے نکل گیا اور بھارت نے اس پر مستقل قبضہ کرلیا ۔

انہوں نے کہا کہ ملک کی سیاسی و مذہبی جماعتوں کے اپنے اپنے مفادات ہیں ،پیپلز پارٹی سندھ کی حکومت بچانے اور ن لیگ نیب کے مقدمات سے جان چھڑانے کیلئے ہاتھ پاؤں مارہی ہے،ملک پر مسلط ظلم و جبر اوراستحصالی نظام سے نجات کا صرف ایک راستہ ہے اور وہ اسلامی نظام ہے ۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کامقصد قوم کو متحد کرکے ملک میں نظام مصطفی ﷺ کے نفاذ کو یقینی بنانا ہے،ہم ریاست اور حکومت کو شریعت کی پابند بنانا اور ایسی اسلامی حکومت چاہتے ہیں جو قرآن وسنت کے احکامات کو عملی طور پر نافذ کرسکے تاکہ انسانوں پر انسانوں کی خدائی کو ختم کیا جاسکے ،کسی کا معاشی استحصال نہ ہو ،دولت کی منصفانہ تقسیم ہو اور تعلیم صحت روز گار اور انصاف کی جو سہولتیں امراءکو حاصل ہیں وہی غریبوں اور پسے ہوئے طبقہ کو میسر ہوں۔ 

 سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ پاکستان میں شاندار اسلامی انقلاب کا سورج طلوع ہونے والا ہے،پاکستان کا قیام اور مختصر عرصہ میں ایٹمی قوت بننا اللہ تعالیٰ کا معجزہ ہے،اللہ تعالیٰ پاکستان کو ضائع نہیں کرے گا اور پاکستان اپنے قیام کے مقصد میں ضرور کامیاب ہوگا ۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ملک کی حقیقی جمہوری اور کرپشن فری جماعت ہے،ہمیں جہاں بھی اقتدار ملا ہم نے ڈلیور کرکے دکھایا ،اگر یہاں جمہوریت ، پولنگ سٹیشن اور ووٹر آزاد ہوتا تو آج ملک طرح طرح کے بحرانوں سے دوچار نہ ہوتا ،ہم حکومت یا نیب سے ڈرنے والے نہیں ،عوام کے حقوق کیلئے ظالم کے گریبان کو پکڑیں گے ۔

مزید :

قومی -