پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم کی لڑائی کی وجہ سے عام آدمی شدید مشکلات سے دوچار ہے، سراج الحق

پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم کی لڑائی کی وجہ سے عام آدمی شدید مشکلات سے دوچار ہے، ...
 پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم کی لڑائی کی وجہ سے عام آدمی شدید مشکلات سے دوچار ہے، سراج الحق

  

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم کی لڑائی کی وجہ سے عام آدمی شدید مشکلات سے دوچار ہے۔ تینوں بڑی جماعتوں کا منشور دراصل آئی ایم ایف کا ہر حکم قبول کرنا اور دل و جان سے اس پر عمل درآمد کرنا ہے۔ حکمران جماعتیں سودی نظام کی محافظ ہیں۔ سودی نظام انسانیت کا قاتل اور خودکش نظام ہے۔ حکومت فوری طور پر اللہ سے جنگ بند کر کے استغفار کرتے ہوئے سودی نظام کے خاتمے کی جانب پہلا قدم اٹھائے۔ ملک میں آفتیں اور مصیبتیں اللہ تعالیٰ کے نظام سے دوری کی وجہ سے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے منصورہ میں مرکزی نظم کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں ملک بھر میں ہونے والے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ریلیف کے کاموں کا جائزہ لیا گیا۔ صدر الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان محمد عبدالشکور نے امدادی کاموں کے حوالے سے تفصیلی رپورٹ پیش کی۔ امیر جماعت اور مرکزی ذمہ داران نے اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہوئے جماعت اسلامی اور الخدمت فاؤنڈیشن کے رضاکاروں کو خراج تحسین پیش کیا اور الخدمت فاؤنڈیشن کے امدادی کاموں کی تحسین کی۔

اس موقع پر سراج الحق کا مزید کہنا تھا کہ سیلاب بہت بڑی آزمائش ہے، پوری قوم کو اللہ کی طرف رجوع کرنا ہو گا۔ وفاقی و صوبائی حکومتوں کا اب تک سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بحالی کے لیے عملی قدم نہ اٹھانا لمحہ فکریہ ہے۔ حکمران فوٹو سیشن اور ہوائی جائزوں کی بجائے متاثرین کی امداد کے لیے سنجیدگی سے آگے بڑھیں۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ایک پروگریسو، جمہوریت پسند اور ترقی پسند جماعت ہے جو حقیقی معنوں میں ملک کو مسائل سے نکالنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ انہوں نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ  سیلاب سے متاثرہ آخری فرد کی بحالی تک امداد سرگرمیاں جاری رکھیں گے۔

مزید :

قومی -علاقائی -پنجاب -لاہور -