گوگل کو 25.4 ارب ڈالر ہرجانے کے دعوؤں کا سامنا

گوگل کو 25.4 ارب ڈالر ہرجانے کے دعوؤں کا سامنا
گوگل کو 25.4 ارب ڈالر ہرجانے کے دعوؤں کا سامنا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

برسلز (ڈیلی پاکستان آن لائن) سرچ انجن گوگل کو ڈیجیٹل اشتہارات کے طریقہ کار پر پبلشرز کی جانب سے برطانوی اور ڈچ عدالتوں میں 25 ارب یورو (25.4 ارب ڈالر) کے ہرجانے کے دعوؤں کا سامنا ہے، یہ دعوے آئندہ ہفتوں کے دوران ایک لاء فرم پبلشرز کی جانب سے دائر کرے گی۔
"عرب نیوز "کے مطابق پبلشرز کی شکایت کے باعث گوگل کے ایڈ ٹیک کو حال ہی میں اینٹی ٹرسٹ ریگولیٹرز کی طرف سے سکروٹنی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔  فرانسیسی مسابقتی  ادارے نے گزشتہ برس گوگل کو 220 ملین یورو  کا جرمانہ کیا تھا۔  اس کے علاوہ یورپین کمیشن اور اس کے برطانوی ادارے کی طرف سے یہ تحقیقات بھی کی جا رہی ہیں کہ گوگل کا ایڈ ٹیک بزنس اسے اپنے مقابلے میں موجود اداروں اور ایڈورٹائزرز کے مقابلے میں  غیر منصفانہ فائدہ دیتا ہے۔
لاء فرم کی جانب سے اپنے بیان میں کہا گیا ہے کہ اب وقت آگیا ہے کہ گوگل اپنی ذمہ داریوں کو پورا کرے اور اس اہم صنعت کو پہنچنے والے نقصانات  کا ازالہ کرے ۔ اسی لیے آج ہم برطانیہ اور یورپی یونین میں  پبلشرز کے  نقصانات کا ازالہ کرنے کیلئے دعوے دائر کر رہے ہیں۔ 
گوگل نے مقدمات پر تنقید کرتے ہوئے کہا  ہے کہ وہ پورے یورپ میں پبلشرز کے ساتھ تعمیری کام کرتا ہے۔ گوگل کے ایک ترجمان نے کہا کہ یہ مقدمہ قیاس آرائی اور موقع پرستی پر مبنی ہے۔ جب ہمیں شکایت موصول ہوگی، ہم اس کا بھرپور طریقے سے مقابلہ کریں گے۔