پارلیمانی سیکرٹری انفارمیشن اینڈ کلچر کا محکمہ تعلقات عامہ راولپنڈی کا دورہ
راولپنڈی(ڈیلی پاکستان آن لائن ) پارلیمانی سیکرٹری انفارمیشن اینڈ کلچر پنجاب شازیہ رضوان نے محکمہ تعلقات عامہ راولپنڈی کا دورہ کیا جس کے دوران ان کو محکمہ کی کارکردگی اور زیر تعمیر انفارمیشن کمپلیکس راولپنڈی کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر ڈائریکٹر انفارمیشن راولپنڈی سید افتخار علی شاہ اور محکمہ کے افسران بھی موجود تھے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے شازیہ رضوان نے کہا کہ اطلاعات اور کلچر کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا وزیر اعلی مریم نواز کا وژن ہے اس کے لیے جامع حکمت عملی تحت ڈی جی پی آر، اسکے فیلڈ دفاتر اور آرٹس کونسلوں کو مستحکم کر رہے ہیں۔ پنجاب کی عظیم اور تاریخی ثقافت کی حفاظت اور ترویج وزیر اعلیٰ مریم نواز کی اہم ترجیح ہے اور پنجاب کے زرخیز کلچر کو محفوظ بنائیں گے اور عوام کو اس سے آگاہ کریں گے۔
شازیہ رضوان نے کہا کہ کلچر کے فروغ کیلئے جامع پالیسی مرتب دے رہے ہیں جس کے تحت مذہبی سیاحت اور ثقافت کے فروغ دیا جائے گا تاکہ رواداری،بین المذاہب ہم آہنگی اور بھائی چارے کے ماحول کو تقویت مل سکے۔ پنجاب کی تمام آرٹس کونسلوں کے دورے کرکے مسائل سے آگاہی حاصل کر رہی ہوں۔
شازیہ رضوان نے زیر تعمیر انفارمیشن کمپلیکس راولپنڈی کا تفصیلی معائنہ کیا اور انہوں نے کام کے معیار پر اظہار اطمینان کیا۔ انہوں نے منصوبہ کے بروقت تکمیل کی ہدایت کی۔ ڈی پی آر راولپنڈی آفس آمد پر افسران اور سٹاف نے صوبائی پارلیمانی سیکرٹری کو خوش آمدید کہا گیا اور گلدستہ پیش کیا۔