بھارت نواز جماعتیں کشمیریوں کے قتل میں برابر کی شریک ہیں جموں وکشمیر فریڈم موومنٹ

بھارت نواز جماعتیں کشمیریوں کے قتل میں برابر کی شریک ہیں جموں وکشمیر فریڈم ...

  

 جموں (اے پی پی) مقبوضہ کشمیرمیں جموں کشمیر فریڈم موومنٹ کے چیئرمین محمد شریف سرتاج نے کہاہے کہ بھارت نواز جماعتوں کو محض اپنے اقتدار سے غرض ہے اور وہ کشمیریوں کے مصائب میں برابر کی شریک ہیں ۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق محمد شریف سرتاج نے جموںمیںجاری ایک بیان میں کہا کہ عمر عبداللہ ، مفتی محمد سعید، سیف الدین سوز اور دیگر بھارت نواز رہنما کرسی اور دیگر حقیر مفادات کے لیےکسی بھی حد تک جاسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نام نہاد انتخابات میں حصہ لینے والے کچھ بھارت نواز لوگ یہ تاثر دینے کی کوشش کرتے ہیں کہ انہیں آزادی پسند رہنماﺅں کی حمایت حاصل ہے جو سراسر بے بنیاد ہے۔ انہوںنے کہا کہ بھارت نواز جماعت پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی نے 2002کے نام نہاد انتخابات میں بھی اسی قسم کا تاثر دیکر ووٹروں کو ورغلانے کی کوشش کی تھی۔ انہوںنے کہا کہ بھارت کی کشمیر پالیسی ضد اور ہٹ دھرمی سے عبارت ہے۔ محمد شریف سرتاج نے کہا کہ بھارت کی تمام سیاسی جماعتیں کشمیرکےبارے میں یکساں موقف رکھتی ہیں اور منہ بولتے حقائق سے آنکھیں بند کر کے غیر حقیقت پسندانہ موقف اپنانا ان کا شعار رہا ہے۔انہوںنے کہا کہ اٹوٹ انگ کا راگ الاپنے سے نہ ماضی میں کشمیرکی حیثیت بدلی جاسکی ہے اور نہ ہی مستقبل میں بدلی جاسکے گی۔

مزید :

عالمی منظر -