بھارتی کرکٹ بدترین ہو رہی ہے ، صرف خدا ہی بچا سکتا ہے، دلیپ ونگسارکر
نئی دہلی (اے این این ) بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان دلیپ ونگسارکر نے کہاہے کہ بھارتی کرکٹ بدتر سے بدترین ہو رہی ہے ، اب صرف خدا ہی بھارت میں کرکٹ کو بچا سکتا ہے، ہمارے لئے یہ شرم کی بات ہے کہ بورڈ میں لوگ اپنی کرسیوں سے چپکے ہوئے ہیں ۔ ایک غیر ملکی خبر رساں ادارے سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ آج بھارت میں کرکٹ کی حالت سب سے سامنے ہے اور اس کا ذمہ دار بھارتی کرکٹ بورڈ ہے۔ انہوں نے کہاکہ بھارتی کرکٹ بورڈ میں بیٹھے افسران اپنی کرسیاں چھوڑنے کو تیار نہیں اور یہ ہی چیز بھارت کو تباہی کی جانب لیکر جارہی ہے ۔ ٹوئنٹی 20کرکٹ ورلڈ کپ میں بھارتی ٹیم کی کارکردگی کے حوالے سے انہوں نے کہاکہ انہیں اس شکست پر افسوس ہے تاہم اب ہمیں اس کو بھول کر آگے کی جانب دیکھنا ہوگا ۔
انہوں نے کہاکہ ہمیشہ سے اصول رہاہے کہ ٹوئنٹی 20کرکٹ کا بہترین کھلاڑی ٹیسٹ کرکٹ کا بہترین کھلاڑی نہیں ہوسکتا لیکن کبھی کبھی ٹیسٹ کرکٹ کے بہترین کھلاڑی بھی ٹوئنٹی 20کرکٹ میں ایک ایسی مثال قائم کرجاتے ہیں جو سب کے لئے سبق اموز ہوتی ہے اور ایسا ہی ویرت کوہلی نے کیا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ویسٹ انڈیز اور پاکستان کی ٹیمیں ٹوئنٹی 20کرکٹ میں تو اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرتیں لیکن ٹیسٹ کرکٹ میں ان کی کارکردگی کھل کر سامنے آجاتی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ٹوئنٹی 20کرکٹ ورلڈ کپ کے فائنل میں بھارتی ٹیم قوم کی امیدوں پر پورا نہیں اتر سکی اور سب سے زیادہ مایوس کن ان کے لئے یہ بات تھی کہ بھارتی ٹیم کو شکست کا سامنا ان کی 58ویں سالگرہ پر کرنا پڑا ۔