قومی ٹیم کےلئے فوری غیر ملکی فیلڈنگ کوچ اور ٹرینر کے تقرر کا فیصلہ
لاہور (آئی این پی) پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی ٹیم کےلئے فوری غیر ملکی فیلڈنگ کوچ اور ٹرینر کے تقرر کا فیصلہ کر لیا، رواں ماہ کے دوران ہی غیر ملکی فیلڈنگ کوچ اور ٹرینر کا اعلان کیا جائے گا۔ پی سی بی ذرائع کے مطابق بورڈ سری لنکا کے خلاف سیریز سے قبل قومی ٹیم کی فیلڈنگ کو بہتر بنانے کے لئے حکمت عملی مرتب کر رہا ہے، جس کے لئے فوری طور پر غیر ملکی فیلڈنگ کوچ کی تقرری کا فیصلہ کیا گیا ہے۔بورڈ نے اس سلسلے میں انگلینڈ، آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کے کوچز سے ابتدائی بات چیت بھی کی ہے۔ بورڈ غیر ملکی فیلڈنگ کوچ کے ساتھ غیر ملکی ٹرینر کی خدمات حاصل کرنے کا خواہش مند ہے تا کہ کھلاڑیوں کی فٹنس اور فیلڈنگ کے معیار کو بہتر کیا جائے۔ بورڈ نے سابق جنوبی افریقی ٹیسٹ کرکٹر جونٹی رہوڈز سے رابطہ کیا لیکن انہوں نے کل وقتی کوچ بننے سے معذرت کر لی تاہم انہوں نے بورڈ کو چند ہفتوں کے لئے ذمہ داری نبھانے کا کہا۔ بورڈ آئندہ ورلڈ کپ تک فیلڈنگ کوچ کا تقررکرنا چاہتا ہے۔