ساﺅتھ ایشین جوڈو چیمپئن شپ، پاکستان نے دوسری پوزیشن حاصل کر لی

ساﺅتھ ایشین جوڈو چیمپئن شپ، پاکستان نے دوسری پوزیشن حاصل کر لی

  

کھٹمنڈو (سپورٹس ڈیسک ) ساﺅتھ ایشین جوڈو چیمپئن شپ 2014، پاکستان نے تین گولڈ، تین سلور اور چھ برانز میڈلز کے ساتھ دوسری پوزیشن حاصل کر لی۔ شاہ حسین شاہ، احمد شہزاد بٹ اور حمیرا عاشق نے پاکستان کےلئے گولڈ میڈل جیتا۔ بھارت نے پہلی اور نیپال نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ اتوار کو پاکستان جوڈو فیڈریشن کی طرف سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق نیپال میں ہونے والی ساﺅتھ ایشین جوڈو چیمپئن شپ میں پاکستان کی مرد و خواتین ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دوسری پوزیشن حاصل کر لی، قومی جوڈو ٹیم نے تین سونے، تین چاندی اور چھ کانسی کے تمغے حاصل کئے۔ مینز 100 کلوگرام کیٹگری میں شاہ حسین شاہ نے سونے کا تمغہ حاصل کیا، مینز 100 پلس کیٹگری میں احمد شہزاد بٹ نے گولڈ میڈل حاصل کیا جبکہ ویمنز 48 کلوگرام کی کیٹگری میں حمیرا عاشق نے سونے کا تمغہ اپنے نام کیا۔ مینز 90 کلوگرام میں افضل بشیر، ویمنز 52 کلوگرام کیٹگری میں مریم جبار اور ویمنز 78 کلوگرام کیٹگری میں بینش خان نے چاندی کا تمغہ حاصل کیا۔ مینز 66 کلوگرام میں یاسر خان، مینز 73 کلوگرام میں جاوید خان، مینز 81 کلوگرام میں کامران بٹ، ویمنز 57 کلوگرام میں شمائلہ گل، ویمنز 63 کلوگرام میں امبرین عاشق اور ویمنز 70 کلوگرام میں فوزیہ نے کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔ مینز ٹیم ایونٹ کے سیمی فائنل میں پاکستان کا مقابلہ افغانستان ہوگا جبکہ ویمنز ٹیم ایونٹ کے سیمی فائنل میں پاکستانی ٹیم روایتی حریف بھارت سے نبرد آزما ہوگی۔

مزید :

کھیل اور کھلاڑی -