تحفظ پاکستان بل انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے ،کامران سیف

تحفظ پاکستان بل انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے ،کامران سیف

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(جنرل رپورٹر)پاکستان مسلم لیگ ق کے راہنما وجوائنٹ سیکرٹری پاکستان مسلم لیگ لاہور میاں کامران سیف نے کہا ہے کہ تحفظ پاکستان بل انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے ،تحفظ پاکستان بل آئین میں دیئے گئے بنیادی حقوق سے بھی متصادم ہے ۔اس قانون کے تحت پاکستانی شہری کی شہریت کومنسوخ کیا جاسکتا ہے جو کسی بھی طور پردرست نہیں اس قانون کے تحت سیکیورٹی اہلکار کسی بھی شہری کو شبے کی جرم میں گولی مارسکتے ہیں اس سے ایکسٹرا جوڈیشل کلنگ کے واقعات میں اضافہ ہوگا اور عام شہری بھی عدم تحفظ کا شکار ہوجائے گا۔لوگ رات کو گھروں سے نکلتے ہوئے ڈریں گے ۔میاں کامران سیف نے کہا کہ یہ بل غیر انسانی شقوں پر مبنی ہے جس میں ایسے اختیارات دئیے گئے ہیں کہ جس کو چاہے گولی مار دی جائے، بل کے مطابق کسی بھی شخص کو بغیر کسی انکوائری کے 90 دن تک حراست میں رکھا جا سکتا ہے۔اور گرفتار شخص کو اپنی بے گناہی خود ثابت کرنی ہوگی جو قانون سے ماورا شق ہے ۔ حکومت نے اقتدا راور اکثریت کے نشے میں بل منظور کروا کر عوامی مفاد کے خلاف کام کیا ہے آنے والا وقت ثابت کردے گا کہ یہ بل غلط ہے حکومت کو اس کا خمیازہ بھی خود بھگتنا پڑ ے گا۔