کسانوں سے آبیانہ وصولی مہم کا آغاز ، جی ایم پیڈا کی سربراہی میں خصوصی ٹیمیں تشکیل

کسانوں سے آبیانہ وصولی مہم کا آغاز ، جی ایم پیڈا کی سربراہی میں خصوصی ٹیمیں ...

  

 لاہور(اے پی پی) صوبائی وزیر آبپاشی و چیئرمین پیڈا میاں یاور زمان کی ہدایت پر کسانوں سے آبیانہ وصولی مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ اس ضمن میں جنرل مینجر پیڈا کی سربراہی میں تین خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔ اس حوالے سے فیصل آباد میں واقع لوئر چناب کینال سسٹم کے ایریا واٹر بورڈز سے مجموعی طور پر 15 ملین روپے آبیانہ کی مد میں وصول کر کے سرکاری خزانے میں جمع کروائے جا چکے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب اریگیشن اینڈ ڈرینج اتھارٹی (پیڈا) نے ادارہ جاتی اصلاحات پروگرام کے تحت آبیانہ کی سوفیصد وصولی یقینی بنانے کے لئے تین خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں جو رواں ہفتے میں آبیانہ وصولی کا کام مکمل کر لیں گی۔ جنرل مینجر پیڈا افضل انجم طور کو آبیانہ ریکوری مہم کا انچارج مقرر کیا گیا ہے جو آپریشنل ایریا واٹر بورڈز میں جا کر آبیانہ مہم کا جائزہ لیں گے- آبیانہ وصولی مہم کو کامیاب بنانے کے لئے ڈپٹی جنرل مینجر (فنانس) نجم الثاقب رحمانی کی سربراہی میں ڈیرہ غازی خان سرکل کے علاقوں ، ڈپٹی جنرل مینجر (سوشل موبلائزیشن) سید شائق حسین عابدی لوئر باری دو آب کینال سرکل جبکہ مینجر ریونیو احمد شاہد کی سربراہی میں آبیانہ ریکوری ٹیم بہاولنگر کینال سرکل سے سرکاری واجبات کی وصولی یقینی بنائے گی جبکہ جنرل مینجر پیڈا افضل انجم طور تمام ایریا واٹر بورڈز میں مذکورہ ٹیموں کی کارکردگی کا جائزہ لیں گے- اس سلسلے میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی ٹیم کو تعریفی اسناد بھی دی جائیں گی-

مزید :

کامرس -